فی الحال وقت نہیں، پاکستانی اعلیٰ حکام مصروف، امریکی نائب وزیرخارجہ کا دورہ التوا کا شکار

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 27 اگست 2017 15:13

فی الحال وقت نہیں، پاکستانی اعلیٰ حکام مصروف، امریکی نائب وزیرخارجہ ..
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27 اگست 2017ء ) : امریکی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز کا دورہ پاکستان التوا کا شکارہوگیا ہے، پاکستانی اعلیٰ حکام  کی مصروفیات کے باعث امریکی نائب وزیر خارجہ کو فی الحال وقت نہ مل سکا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز نے پاکستان کا دورہ کرنا تھا۔ جس میں انہوں نے پاکستان میں اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کرنا تھیں۔

ذرائع کے مطابق ان ملاقاتوں میں امریکی نائب وزیرخارجہ نے ٹرمپ کی نئی پاک افغان پالیسی ، دہشتگردی کیخلاف جنگ سمیت اقتصادی صورتحال پربات چیت کرنا تھی۔ تاہم پاکستانی حکام امریکی صدر ٹرمپ کی پاکستان پر سنگین الزام تراشی کے باعث آئندہ کی حکمت بنانے میں مصروف ہیں۔ حکومتی وزراء اور اعلیٰ حکام کی مصروفیات کے باعث امریکی نائب وزیر خارجہ کو فی الحال وقت نہ مل سکا۔

(جاری ہے)

جس کے باعث امریکی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز کا دورہ پاکستان التوا کا شکارہوگیا ہے۔ واضح رہے امریکی صدرٹرمپ نے 22 اگست کو اپنے نئی پاک افغان پالیسی میں پاکستان پردہشتگردوں کی پناگاہوں کی موجودگی کے الزامات عائد کیے تھے۔ امریکی صدرنے دھمکی بھی دی تھی کہ پاکستان میں دہشتگردوں کی پناہ گاہوں پر خاموش نہیں رہیں گے کیونکہ ہم پاکستان کو اربوں ڈالر دیتے ہیں ۔اسی طرح امریکی صدر نے افغانستان میں بھارت کے کردار کی تعریف بھی کی تھی۔ امریکی صدر کی غیرمنصفانہ نئی پالیسی کے باعث پاک امریکا تعلقات کشیدہ ہیں۔