زر داری ہائوس کے طواف اور وزیراعظم فاروق حیدر کیخلاف بیان بازی کر نے والوں کواپنے گریبانوں میں جھانکنا چاہیے ،ْ فدا حسین کیانی

راجہ فاروق حیدر خان جرات ، بیباکی اور دوٹوک بات کرنے کی علامت ہے ،ْوائٹ اور بلیک پیپر شائع کرنے والے اپنے دور حکومت کا جائزہ لیں ،ْ وفد سے گفتگو

اتوار 27 اگست 2017 15:40

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اگست2017ء) پاکستان مسلم لیگ ’’ن‘‘ آزاد جموں وکشمیر کے چیئرمین تنظیمی بورڈ اور ڈائریکٹر جنرل کشمیر لبریشن سیل فدا حسین کیانی نے کہا ہے کہ زرداری ہائوس کے طواف کرنے والوں ، اور پاکستان میں ’’تبدیلی‘‘ کی آس اُمید ‘‘ پر للچائی ہوئی نظریں لگانے والوں کو وزیر اعظم اور صدر مسلم لیگ ’’ن‘‘ راجہ محمد فاروق حیدر خان کے خلاف بیان بازی کرتے ہوئے اپنے گریبانوں میں جھانکنا چاہے کہ وہ کتنے پانی میں ہیں اور اُن کی سیاست کی بنیاد کیا ہے۔

راجہ محمد فاروق حیدر خان کے خاندان کی تحریک آزادی کشمیر اور تکمیل پاکستان میں بے پناہ قربانیاں ہیں، اُن سے بڑا کوئی پاکستانی نہیں ہے ۔راجہ فاروق حیدر خان جرات ، بیباکی اور دوٹوک بات کرنے کی علامت ہے جس نے کسی کے آگے جھکنا نہیں سیکھا ۔

(جاری ہے)

آزاد کشمیر میں بھرپور اور تاریخی مینڈیٹ کے ساتھ مسلم لیگ ’’ن‘‘ کی حکومت کے لئے جن ترجیحات کا تعین کیا گیا تھا وزیر اعظم فاروق حیدر خان نے اُن کیلئے ایک سال کے مختصر عرصہ میں مثبت اقدامات کر کے مضبوط بنیادیں رکھ دی ہیں۔

ان خیالات کااظہارانھوںنے مسلم لیگ ’’ن‘‘ یوتھ ونگ اور ایم ایس ایف این کے رہنمائوں راجہ منیب ٹھاکر ، راجہ شجاعت علی، ملک سہیل اعوان ، میاں ساجد، حسن جرال ، سید ایاز شاہ ، راجہ طاہر ، راجہ علی عبد اللہ ، راجہ ارشد بلو اور دیگر عہدے داروں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ فدا کیانی نے کہا کہ وائٹ اور بلیک پیپر شائع کرنے والے اپنے دور حکومت کا جائزہ لیں جب اُن کا ’’ مجاور وزیر اعظم ‘‘ مری پہنچتا تھا تو اُسے فریال تالپور کے ایک حکم پر واپس زرداری ہائوس طلب کر لیا جاتا تھا ، اور چٹوں کی شکل میں احکامات دیئے جاتے تھے ،ایک ایک دن میں کئی بار اُسے زرداری ہاوس کے ملازم طلب کرتے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ پانچ سال پیپلز پارٹی کی حکومت ایک عذاب بن کر عوام پر مسلط رہی جس نے قومی خزانے کو بیدردی سے لوٹا اور اب جب اب کا گزارار مشکل ہوتا جا رہاہے تو انہیں پیٹ میں مروڑ پڑ ھ رہے ہیں۔ فدا کیانی نے کہا کہ راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت میں اُن کی کابینہ نے زندگی کے ہر شعبہ میں اصلاحات کر کے ایک مضبوط و مستحکم نظام کے قیام کا آغاز کر دیا ہے ، محکمہ تعلیم میں نوجوان نسل کے روشن مستقبل کیلئے ریاستی تاریخ میں پہلی بار اساتذہ کی بھرتی بذریعہ این ٹی ایس کے ذریعے کی جا رہی ہے ، خطے کے اندر میرٹ کے نفاذ کیلئے غیر جانبدار پبلک سروس کمیشن کا قیام ،میڈیکل کالجز کا میڈیکل یونیورسٹیز سے الحاق،اساتذہ کی حاضری یقینی بنانے کے لیے بائیو میٹرک سسٹم کی تنصیب کا فیصلہ،6ہزار اساتذہ کی تربیت کیلئے برطانوی حکومت سے معاہدہ، پر ائمری ٹیچر کی تعلیمی قابلیت میٹرک پاس کی بجائے ،ْبی اے اور بی ایڈ کے اقدامات موجودہ حکومت کی ایک سالہ کارکردگی کا عملی ثبوت ہے ۔

انہوں نے کہا کہا کہ حکومت کی پہلی ترجیح تحریک آزادی کشمیر کے لئے کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل کی بحالی،کشمیر تھنک ٹینک پالیسی ریسرچ فورم کی تشکیل،صدر، وزیر اعظم کے یورپی و دیگر ممالک کے دورے،او آئی سی کے IPHRC کے وفد کا دورہ آزاد کشمیر،*یورپی ممبران پارلیمنٹ ، ناروے کے سابق وزیر اعظم کا دورہ آزاد کشمیر،مہاجرین 1989 ء کی آبادکاری کیلئے اقدامات/ گزارہ الائونس میں اضافہ اوربیرون ملک سے آنے والے وفود کو صدر ریاست ، وزیر اعظم اور مختلف محکموں کی طرف سے مسئلہ کشمیر پر بریفنگزکا اہتمام جیسے موثر اقدامات شامل ہیں ۔

فدا کیانی نے کہا کہ قائد پاکستان میاں محمد نواز شریف کی کشمیریوں کے ساتھ محبت اور وابستگی کا مظہر آزاد کشمیر کے ترقیاتی بجٹ میں دو گنا سے زیادہ اضافہ ہے جس سے خطے کے اندر مثالی تعمیر و ترقی کا آغاز ہو گا ۔ انہون نے کہا کہ اسی طرح زندگی کے ہر شعبہ میں مثبت تبدیلی عوام کو نظر آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت میں مسلم لیگ ’’ن‘‘کی حکومت کے انہی اقدامات نے آزاد کشمیر کی اپوزیشن کے ہوش اُڑا دیئے ہیں اور انہیں اپنا سیاسی مستقبل مزید تاریک نظر آرہا ہے جس کی وجہ سے اُن کی چیخیں نکل رہی ہیں۔

فدا کیانی نے کہا کہ مسلم لیگ ’’ن‘‘ کے کارکنا ن اور عہدے داران راجہ محمد فاروق حیدر خان کا دست و بازو ہیں اور وہ حکومت کے متعین کردہ قومی مقاصد کیلئے بھرپور جدو جہد جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :