چیئرمین ڈاکٹر ایم صلاح الدین مینگل کی زیرصدارت پریس کونسل آف پاکستان کے عمومی اجلاس

پریس کونسل آف پاکستان اظہار رائے کی آزادی کے تحفظ اور پاکستان میں آزاد اور ذمہ دار پریس کے پیرا میٹرز کی پیروی کو یقینی بنانے کے لئے فعال کردار ادا کر رہی ہے، ڈاکٹر ایم صلاح الدین مینگل

پیر 11 ستمبر 2017 21:02

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2017ء) پریس کونسل آف پاکستان (پی سی پی) کے چیئرمین ڈاکٹر ایم صلاح الدین مینگل نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پی سی پی اظہار رائے کی آزادی کے تحفظ اور پاکستان میں آزاد اور ذمہ دار پریس کے پیرا میٹرز کی پیروی کو یقینی بنانے کے لئے فعال کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات پیر کو پریس کونسل آف پاکستان کے عمومی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

جاری پریس ریلیز کے مطابق کونسل نے بعض اخبارات کی طرف سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے حوالے سے شکایات پر انکوائری کمیشن کے فیصلوں کے خلاف اپیلوں کی سماعت کے لئے پانچ رکنی اپیلٹ کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایک قومی روزنامہ کے خلاف اپیل دائر کر رکھی ہے جس پر کمیٹی اپنے پہلے اجلاس میں غور کرے گی۔

(جاری ہے)

کونسل نے پریس کونسل آف پاکستان کے بعض ارکان کے نوٹیفیکیشن کے اجراء میں تاخیر پر تشویش ظاہر کی جو پریس کونسل آف پاکستان کی خوش اسلوبی سے فرائض کی انجام دہی کا بنیادی تقاضا ہے۔ صوبائی سطح پر پریس کونسل آف پاکستان کے زونل دفاتر کے قیام پر غور کرتے ہوئے کونسل نے کہا کہ علاقائی زبانوں میں بڑی تعداد میں روزنامے اور جرائد شائع ہو رہے ہیں اور پریس کونسل آف پاکستان آرڈیننس 2002ء کے تحت صوبائی سطح پر پریس کونسل آف پاکستان کے زونل دفاتر کے قیام کی اشد ضرورت ہے۔

کونسل نے مالی سال 2017-18ء کے لئے پریس کونسل آف پاکستان کی بجٹ رقوم پر بھی غور کیا۔ پریس کونسل آف پاکستان کے لئے وقف کردہ فنڈز کو اصل ضروریات پوری کرنے کے لئے ناکافی قرار دیتے ہوئے کونسل نے وفاقی حکومت پر زور دیا کہ وہ پریس کونسل آف پاکستان کو اپنی انتظامی اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لئے اضافی فنڈز فراہم کرے۔ اجلاس میں قومی اہمیت کے معاملات پر عوام الناس میں شعور بیدار کرنے میں پریس کونسل آف پاکستان کے کردار اور چیئرمین کی کاوشوں کو سراہا گیا۔

اجلاس میں انکوائری کمیشن اسلام آباد کی کارروائی کی بھی تعریف کی گئی۔ اجلاس میں مجیب الرحمان شامی، قاضی اسد عابد، عامر محمود، انور ساجدی، محمد ابراہیم خان، ناصر زیدی، اقبال جعفری، خورشید تنویر، شاہجہاں سید، محترمہ عائشہ اکرام، محترمہ ماریہ اقبال ترانہ اور پریس کونسل آف پاکستان کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :