کوئٹہ سمیت بلوچستان بھرمیں یوم عاشورہ عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا ، عاشورہ محرم کے جلوسوں کے پرامن انعقاداور اختتام پر وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کاا ظہار اطمینان

اتوار 1 اکتوبر 2017 21:50

کوئٹہ۔یکم اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2017ء) ملک بھر کی طرح کوئٹہ میں بھی یوم عاشورہ عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا ۔ مرکزی جلوس کی قیادت شیعہ کانفرنس کے صدر داؤد آغا نے کی۔ دس محرم کامرکزی جلوس صبح آٹھ بجے نیچاری امام بارگاہ عملدارروڈ سے برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا طوغی روڈ ، مشن چوک سے باچا خان چو ک پر پہنچا،جہاں نماز ظہرین ادا کی گئی۔

شیعہ کانفرنس کے صدر داؤد آغا نے حضرت امام حسین ؓ کی شہادت کے واقعہ پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔جنہوں نے یزدیت کے سامنے سرجھکانے کی بجائے شہادت کو ترجیح دی۔ اس طرح جلوس کے شرکاء لیاقت بازار، پرنس روڈ سے ہوتا ہوا، نیچار ی امام بارگاہ پر اختتام پذیرا ہوا۔ دس محرم الحرام کے حوالے سے جلوس کے راستوں کو ایک روز قبل سیل کر دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

سیکورٹی کی سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔

چھ ہزار پولیس ، لیویز ، بلوچستان کانسٹیبلری ، اے ٹی ایف ، اور ایف سی کے اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیاتھا ۔ موٹر سائیکل ڈبل سواری پر پابندی عائدکر دی گئی تھی۔ موبائل فون سروس بند رہی۔ اس طرح عاشورہ کا جلوس پرامن طور پر اختتام پذیرہوا۔ کوئٹہ کے علاوہ خضدار، ڈیرہ مرادجمالی سمیت دیگر شہروں میں سخت حفاظتی انتظامات کے تحت عاشورہ کے جلوس پرامن طور پر اختتام پذیر ہوئے۔

دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں عاشورہ محرم کے جلوسوں کے پرامن انعقاداور اختتام پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے سیکورٹی اداروں اور عوام کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے امن وامان کو برقرا ر رکھنے کیلئے اپنا کردارادا کیا۔ انہوںنے کہا کہ فرقہ ورانہ ہم آہنگی کے قیام پر تمام مکتبہ فکر کے علماء کرام کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔