سپریم کورٹ نے سکل ڈویلپمنٹ کونسل کے سرٹیفیکٹس کے حامل 30 سے زائد نوجوانوں کی تقرری کیلئے دائر درخواست نمٹا دی

پیر 9 اکتوبر 2017 22:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2017ء) سپریم کورٹ نے خیبر پختونخوا کے ضلع پشاوراورچارسدہ سے تعلق رکھنے والے سکل ڈویلپمنٹ کونسل کے سرٹیفیکٹس کے حامل 30 سے زائد نوجوانوں کی دیگر اداروں سے پروفیشنل سرٹیفیکٹس لے کرتقرری کیلئے دائر درخواست واپس لینے کی بنیاد پرنمٹادی ہے اور پشاورہائیکورٹ کافیصلہ برقراررکھتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان اساتذہ کو ایک سال میں دیگر اداروں سے پروفیشنل سرٹیفیکٹس حاصل کرنے کی رعایت دی گئی تھی، جو کونسل کے سرٹیفیکیٹ کی بنیاد پربھرتی کئے گئے تھے مگریہ رعایت دوسروں کیلئے نہیں۔

پیرکوجسٹس اعجاز افضل خان کی سربراہی میں جسٹس فائز عیسٰی اورجسٹس اعجازالاحسن پرمشتمل تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ چارسدہ اورپشاورسے تعلق رکھنے والے پی ٹی سی اورسی ٹی اساتذہ نے اشتہار کے اجراء کے بعد خالی آسامیوں پرتقرری کیلئے درخواستیں دیتے ہوئے سکل ڈویلپمنٹ کونسل کے پیشہ وارانہ سرٹیفیکیٹس جمع کرائے تھے تاہم تقرری کے بعد محکمہ تعلیم کی طرف سے ان کو بتایا گیاکہ سکل ڈویلپمنٹ کونسل کے سرٹیفیکیٹ بطورپر پروفیشنل سرٹیفکیٹ تسلیم نہیں کئے جاسکتے اس لئے ان سرٹیفیکیٹس کے حامل افراد کی تقرری ختم کردی جائے گی ، جس کے پیش نظر تقرری پانے والے اساتذہ نے پشاورہائیکورٹ سے رجو ع کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ ان کی تقرری کے بعد محکمہ تعلیم سکل ڈویلپمنٹ کونسل کے سرٹیفیکٹس کی بنیاد پر ان کونکالنے کے درپے ہے جس کانوٹس لیا جائے اورہمیں بھی دیگر اداروں سے پروفیشنل سرٹیفیکیٹس کے حصول کیلئے مہلت دی جائے، تاہم ہائیکورٹ نے کیس کافیصلہ سناتے ہوئے ہدایت کی کہ بھرتی ہونے والے افراد ایک سال میں دوسرے اداروں سے پیشہ وارانہ سرٹیفیکیٹس حاصل کر نے کی صورت میں ملازمت برقرار رکھ سکیں گے اوران کوملازمت سے نہیں نکالا جائے گا ، اس عدالتی فیصلہ کے پیش نظر مزید امیدواروں نے بھی عدالت سے اس سلسلے میں رعایت دینے کی استدعاکی تاہم ہائیکورٹ کی جانب سے درخواست خارج ہونے پرمذکورہ امیدواروں نے سپریم کورٹ سے ر جوع کیاتھا۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران عدالت نے قراردیا کہ پشاور ہائیکورٹ نے سکل ڈویلپمنٹ کونسل کے سرٹیفکیٹ جمع کرانے والے استاتذہ کویہ رعایت دی تھی جودوسروں کیلئے نہیں۔ عدالت نے درخواست گزاروں سے کہاکہ باقاعدہ تسلیم شدہ اداروں سے سرٹیفیکیٹ حاصل کرنے کے بعد ملازمت حاصل کرنے کی کوشش کی جائے، بعد ازاں عدالت نے درخواست واپس لینے کی بنیاد پرنمٹادی ۔

متعلقہ عنوان :