صوبائی حکومت نویں سے 12 ویں جماعت تک کے امتحانات سے متعلق تمام اخراجات بردداشت کرے گی، وزیراعلیٰ سندھ

بدھ 1 نومبر 2017 22:45

صوبائی حکومت نویں سے 12 ویں جماعت تک کے امتحانات سے متعلق تمام اخراجات ..
کراچی ۔ یکم نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 نومبر2017ء) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت پبلک سیکٹر کے تعلیمی اداروں میں نویں جماعت سے لے کر 12 ویں جماعت تک کے امتحانات سے متعلق تمام اخراجات برداشت کرے گی، لہذا کوئی بھی سرکاری اسکول یا تعلیمی بورڈ امتحانی فیس جمع کرنے کا مجاز نہیں ہے۔ بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے میڈیا میں آنے والی رپورٹس کا نوٹس لیتے ہوئے کہی، جس میں یہ کہا گیا ہے کہ اسکول نویں جماعت سے لے کر بارہویں جماعت تک کے طلبا سے امتحانی فیس لے رہے ہیں، اس حوالے سے حکومت نے ایسا کوئی بھی نوٹیفیکیشن جاری نہیں کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے واضح ہدایات جاری کر رکھی ہیں اور اس مقصد کے لئے بجٹ بھی منظور کیا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ اسکول ایجوکیشن نے اس حوالے سی20 اپریل2017 ء کو ایک نوٹیفیکیشن بھی جاری کیا تھا۔وزیرا علی سندھ نے کہا کہ وہ اس حوالے سے غفلت برداشت نہیں کریں گے اور تمام اسکولوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ سرکاری اسکولوں میں داخل طلبا سے رجسٹریشن، انرولمنٹ اور سالانہ امتحانی فیس جمع کرنا بند کردیں، ورنہ ان کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ وزیر اعلی سندھ نے سیکریٹری اسکول ایجوکیشن کے ذریعے تمام سرکاری اسکولوں اور کالجوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ 20 اپریل2017 ء کو جاری کردہ نوٹیفیکیشن پر اس کی اصل روح کے مطابق عملدرآمد کریں۔

متعلقہ عنوان :