کاشتکاروں کو آبپاش علاقوں میں چنے کی کاشت 15 نومبر تک مکمل کرنے کی ہدایت

جمعرات 2 نومبر 2017 16:07

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 نومبر2017ء)کاشتکاروں کو آبپاش علاقوں میں چنے کی کاشت 15 نومبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے جبکہ کاشت سے پہلے بیج کو پھپھوندی کش زہر اور جراثیمی ٹیکہ لگانے کابھی مشورہ دیاگیاہے۔ محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایاکہ گزشتہ سال پنجاب میں چنے کے تقریباًً21لاکھ 90ہزار ایکڑ رقبہ سے 4لاکھ 9ہزار ٹن پیداوار حاصل ہوئی ۔

انہوںنے کہاکہ چنا ربیع کی ایک اہم پھلی دار فصل ہے اور پنجاب میں چنے کا تقریباًً92فیصد رقبہ بارانی علاقوں پر مشتمل ہے ۔انہوںنے کہ کہ چنے کی اچھی پیداوار حاصل کرنے کے لیے کاشتکار بارانی علاقوں میں کاشت جلد مکمل کریں جبکہ آبپاش علاقوں میں کاشت 15نومبر تک جاری رکھی جاسکتی ہے۔انہوںنے کہاکہ دیسی چنے کی ترقی دادہ اقسام پنجاب 2008، تھل 2006، بلکسر 2000، ونہار 2000، بٹل 98، سی ایم 98، بھکر 2011اور کابلی چنے کی ترقی دادہ اقسام سی ایم 2008، نور 2009، نور 91،ٹمن 2013اور نور 2013وغیرہ کا صحت مند بیج استعمال کرکے اچھی پیداوار کاحصول ممکن بنایاجاسکتاہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ کاشتکار دیسی و کابلی چنے کی عام جسامت والے دانوں کی اقسام کا 30کلو گرام اور موٹے دانوں والی اقسام کا 35کلو گرام بیج فی ایکڑ استعمال کریں نیز کاشت بذریعہ ڈرل یا پور کریں تاکہ بیج کی روئیدگی اچھی ہو۔ انہوںنے کہاکہ قطاروں کا درمیانی فاصلہ 1 فٹ اور پودوں کا درمیانی فاصلہ 6انچ ہو نا چاہیے ۔