پیپلز پارٹی کسانوں کا ہر جدوجہد میں ساتھ دیگی ،تمام مسائل پارلیمنٹ میں اٹھائے جائینگے‘ سید خورشید شاہ

انجمن کاشتکاران قصور کے وفد کی ملاقات ،، زرعی ٹیوب ویل پر بجلی بلوں میں اوور چارجنگ سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کیا اوور بلنگ کے معاملے پر 15نومبر کو لیسکو حکام کو پی اے سی میں بلاکر جواب طلب کیا جائیگا‘ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی گفتگو

بدھ 8 نومبر 2017 17:24

پیپلز پارٹی کسانوں کا ہر جدوجہد میں ساتھ دیگی ،تمام مسائل پارلیمنٹ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 نومبر2017ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کسانوں کا ہر جدوجہد میں ساتھ دے گی اور انکے تمام مسائل پارلیمنٹ میں اٹھائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز انجمن کاشتکاران قصور کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ کاشتکاران کے وفد نے قائد حزب اختلاف کو اپنے بجلی کی اوور بلنگ اور دیگر مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ لیسکو نے قصور کے کاشتکاروں کو زرعی ٹیوب ویلز کے بلوں میں چار سے پانچ ارب وصول کئے ہیں۔

(جاری ہے)

جس پر سید خورشید شاہ نے کہا کہ اوور بلنگ کے معاملے پر 15نومبر (بدھ )لیسکو حکام کو پی اے سی میں بلایا جائے گا اور ان سے اووبلنگ کے معاملے پر جواب طلب کیا جائے گا ۔وفد نے آلو پر ایکسپورٹ ڈیوٹی، گنے کی کم قیمت کے مسائل سے بھی آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ شوگر ملز گنے کی قیمت گرانے کیلئے کریشنگ شروع نہیں کر رہے، گنے کی سپورٹ قیمت بڑھانے اور کریشنگ جلد شروع کروانے کیلئے حکومت پر دبائو ڈالا جائے۔خورشید شاہ نے وفد کو یقین دہانی کروائی کہ پیپلز پارٹی کسانوں کا ہر جدوجہد میں ساتھ دے گی اور انکے تمام مسائل پارلیمنٹ میں اٹھائے جائیں گے۔