جوہری حملے کے غیرقانونی حکم کی مزاحمت کروں گا، امریکی جنرل

اتوار 19 نومبر 2017 15:01

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2017ء) امریکی اسٹریٹیجک کمانڈ کے کمانڈر ایئر فورس جنرل جان ہیٹن نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غیرقانونی طور پر جوہری ہتھیار استعمال کرنے کا حکم دیا تو وہ اس کی مزاحمت کریں گے۔سی بی ایس نیوز کے مطابق انھوں نے کینیڈا میں ہالیفیکس انٹرنیشنل سکیورٹی فورم میں حاضرین کو بتایا کہ انھوں نے اس بارے میں بہت سوچا کہ اگر انھیں اس طرح کا حکم دیا جاتا ہے تو وہ کیا کریں گے۔

(جاری ہے)

ہیٹن کا کہنا تھا کہ "بطور اسٹراٹ کوم، میرا کام صدر کو مشورہ دینا ہے اور وہ مجھے بتائیں گے کہ کیا کرنا ہے اور اگر یہ غیرقانونی ہے تو میں کہوں گا یہ غیر قانونی ہے۔ہیٹن کا کہنا تھا کہ کسی بھی غیرقانونی حکم سے متعلق صورتحال سے نمٹنا معمول کی بات ہے،اگر آپ کسی غیر قانونی حکم پر عمل کرتے ہیں تو آپ جیل جاتے ہیں اور آپ اپنی باقی ساری عمر کے لیے جیل جا سکتے ہیں۔پینٹاگان کی طرف سے ہیٹن کے اس بیان پر ردعمل کے لیے کیے گئے رابطے کا کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔