(ن) لیگ کے کینسر میں مبتلا رکن رجب علی بلوچ کی انتخابات بل کی مخالفت میں ووٹ دینے کیلئے خصوصی شرکت

کینسر کے شدید عارضہ کی وجہ آج کے اجلاس میں شرکت کرنا ممکن نہیں تھا ، اپنی پارٹی قیادت کی خاطر مجھ سمیت تمام ارکان اجلاس میں آئے ہیں،اللہ کو حاضر ناظر رکھ کر کہتا ہوں کہ اجلاس میں آنے کیلئے کسی نے روکا ہے اور نہ ہی زبردستی آنے پر مجبور کیا، رجب علی بلوچ کا قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کے بیان کا جواب

منگل 21 نومبر 2017 18:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 نومبر2017ء) قومی اسمبلی کے اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے کینسر کے مرض میں مبتلا رکن رجب علی بلوچ نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو پارٹی قیادت سے نا اہل کرنے کے حوالے سے اپوزیشن کے انتخابات (ترمیمی)بل 2017کی مخالفت میں ووٹ دینے کیلئے خصوصی طور پر شرکت کی، قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کے حکومت کو بیمار ارکان کو ایوان میں لانے کے حوالے سے بیان کا جواب دیتے ہوئے رجب علی بلوچ نے کہا کہ کینسر کے شدید عارضہ کی وجہ آج کے اجلاس میں شرکت کرنا ممکن نہیں تھا لیکن اپنی پارٹی قیادت کی خاطر مجھ سمیت تمام ارکان اجلاس میں آئے ہیں،اللہ کو حاضر ناظر رکھ کر کہتا ہوں کہ اجلاس میں آنے کیلئے نہ کسی نے روکا ہے اور نہ ہی کسی نے زبردستی اجلاس میں آنے پر مجبور کیا ہے۔

(جاری ہے)

منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں کینسر کے مرض میں مبتلا رجب علی بلوچ کو اپوزیشن کی جانب سے پیش کیا گیا، نواز شریف کو پارٹی کی صدارت سے نااہل کرانے کے حوالے سے انتخابات ایکٹ میں مزید ترمیم کرنے کا بل انتخابات(ترمیمی)بل 2017پر مخالفت میں ووٹ دینے کیلئے فیصل آباد سے تشریف لائے۔ اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ رجب علی بلوچ کینسر کے شدید مرض میں مبتلا ہیں اور بیماری کے خلاف بہادری سے لڑ رہے ہیں، آج کے اجلاس میں شرکت کیلئے خصوصی طور پر آئے ہیں، اللہ سے دعا ہے کہ ان کو جلد صحت یابی عطا کرے،۔

اس موقع پر ارکان نے ان کی نشست پر جا کر ان کی عیادت کی۔ رجب بلوچ نے کہا کہ صحت یابی کے لئے دعا کرنے والے ارکان کیلئے شکر گزار ہوں، صحت قابل نہیں تھی کہ اجلاس میں آتا، میڈیا میں آیا کہ پولیس کے ذریعے اور دیگر ذرائع استعمال کر کے ایم این ایز کو بلایا جا رہا ہے، خدا کو حاضر ناظر رکھ کر کہتا ہوں کہ پارٹی قیادت کی خاطر یہاں پہنچنے میں نہ کسی نے آنے سے روکا ہے اور نہ کسی نے یہاں زبردستی لانے پر مجبور کیا ہے۔ اس موقع پر ارکان نے ڈیسک بجا کر رجب بلوچ کو خراج تحسین پیش کیا۔