12 ربیع الاول مسلمانوں کے لیے سب سے بڑا اور اہم دن ہے ، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد

جس دن اللہ نے اپنے محبوب سرداردو جہاں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو پیدا کیا جن کی آمد سے کائنات کے اندھیرے چھٹ گئے

منگل 21 نومبر 2017 21:33

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2017ء)ڈپٹی کمشنر حیدرآباد محمد سلیم راجپوت نے کہا ہے کہ 12 ربیع الاول مسلمانوں کے لیے سب سے بڑا اور اہم دن ہے کہ جس دن اللہ نے اپنے محبوب سرداردو جہاں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو پیدا کیا جن کی آمد سے کائنات کے اندھیرے چھٹ گئے اور ہر طرف نور و ہدایت کی روشنی پھیل گئی۔وہ حیدرآباد شہر کی مذہبی تنظیموں کے علماء اکرام سے شہبازہال شہبازبلڈنگ حیدرآباد میں ربیع الاول کے انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، اس موقع پر ایس ایس پی حیدرآباد سید پیر محمد شاہ ، ڈی جی ایچ ڈی اے مسعود جمانی ، اسسٹنٹ کمشنر نثار احمد میمن ، لعل ڈنو منگی ، رینجرز کے افسران کے علاوہ شہر کی مذہبی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈی سی محمد سلیم راجپوت نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج سے 12 ربیع الاول تک خصوصی طور پرعوامی شکایات کے ازالے کے لیے ڈی سی ہائوس حیدرآباد میں 9200571 اور9200572 سے کنٹرول روم قائم کیا جارہا ہے جو 24 گھنٹے فعال رہے گا، 12 ربیع الاول کو شایان شان طریقے سے منانے کے لیے سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ مذہبی تنظیموں کو بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ ربیع الاول کے دوران نکلنے والے جلوسوں کے گزرگاہوں کی صفائی ستھرائی اور اہم شاہراہوں کے مرمت کو یقینی بنائیں، انہوں نے کہا کہ نکاسی و فراہمی آب کے نظام کو بہتر بنایا جائے تاکہ کسی کو بھی پریشانی کا سامنا نا کرنے پڑے، انہوں نے حیسکوافسران کو ہدیت کی کہ وہ ربیع الاول کے دوران خصوصی طور پر5 بجے سے رات گئے تک لوڈشیڈنگ سے گریز کریں، حیسکو کے افسران نے ڈی سی کو یقین دہانی کرائی کہ مذکورہ اوقات میں لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی، ڈی سی نے سیکیورٹی کے حوالے سے ایس ایس پی حیدرآباد کو بہتر سے بہتر انتظامات کرنے کی ہدایت کی، ایس ایس پی نے بتایا کہ سندھ پولیس کی طرف سے ماہ ربیع الاول کے موقع پر خصوصی سیکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے جس کے لیے 3 ہزار پولیس اہلکار اور 500 پولیس افسران اپنے فرائض انجام دیں گے۔