ڈاکوؤں نے اندھا دھند فائرنگ کرکے سیاسی شخصیت مہرمحمد خالد اور اس کی 6سالہ بھتیجی کو قتل کر دیا ، فائرنگ سے ایک شخص زخمی ، ڈاکو فائرنگ کرتے ہوئے فرار

ہفتہ 2 دسمبر 2017 23:50

سیالکوٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2017ء) تھانہ مراد پور کے علاقہ میں خطرناک ڈاکوؤں نے اندھا دھند فائرنگ کرکے سیاسی شخصیت مہرمحمد خالد اور اس کی 6سالہ بھتیجی کو قتل کر دیا ، فائرنگ سے ایک شخص زخمی ،مسلح ڈاکو فائرنگ کرتے ہوئے فرار ، تفصیلات کے مطابق تھانہ مراد پور کے علاقہ کور پور میں مقامی سیاسی شخصیت مہرمحمد خالد اپنے بھائی محمد وارث اور کزن محمد ندیم کے ہمراہ ڈیرہ پر کھڑے باتیں کر رہے تھے کہ یاسر عرفات عرف ٹینا ، اعجاز عرف ججو ، عمران کاشف عرف پیٹو، آفتاب حسین سمیت تین نامعلوم مسلح ڈاکو تین بلا نمبری موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر آئے اور آتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کردی ۔

فائرنگ کی زد میں آکر مہر محمد خالد،قریب کھیلتی ہوئی پانچ سالہ سحر نوراور راہگیر طیب شدید زخمی ہو گئے جن میں مہر محمد خالد اور پانچ سالہ سحر نور جاں بحق ہو گئیں جبکہ راہگیر طیب کی ٹانگوں پر فائرلگنے کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہو گیا جس کو فوری طور پر گورنمنٹ علامہ اقبال ٹیچنگ میموریل ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ خطرناک مسلح ڈاکو فائرنگ کرتے ہوئے موقعہ سے فرار ہو گئے۔

(جاری ہے)

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اہل علاقہ کی ایک بڑی تعداد جمع ہو گئی۔مقتولین کے لواحقین سمیت معززین علاقہ نے گوہد پور چوک کو چاروں اطراف پررکاوٹیں لگا کر بلاک کر دیا ۔اہل علاقہ اور لواحقین نے تھانہ مراد پورسیالکوٹ میں ڈاکو راج اور لاقانونیت کے خلاف سخت نعرے بازی کی اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ۔یاد رہے کہ چند ماہ قبل چار مسلح ڈاکووں نے مقتول مہر محمد خالد کی دوکان میں ڈکیتی کی واردات کی تھی اور ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکووں نے فائرنگ کرکے مقتول مہر محمدخالد کے دو بیٹیوں کو فائرنگ کرکے موقع پر ہی ہلاک کر دیا تھا جس پر مقتول مہر خالد نے ایک ماہ تک اپنا احتجاجی کیمپ لگا کر ملزمان کی فوری گرفتار ی کا مطالبہ کیا تھا۔

مہر خالد کے دو بیٹوں کے قتل میں ملوث چار ڈاکووں میں سے دوڈاکو پولیس مقابلہ میں ہلاک ہو گئے تھے جبکہ دو خطرناک ڈاکوفرار ہیں اور وہ تاحال گرفتار نہیں کئے جا سکے ۔سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ ڈاکووں نے اپنے ساتھیوں کی ہلاکت کا بدلہ لینے کے لئے مہر محمد خالد اور ان کی کمسن بھتیجی کوانتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا ۔

متعلقہ عنوان :