کراچی،سی ویو کے قریب کارپر فائرنگ سے ا یک شخص جاں بحق، دوست زخمی

اتوار 3 دسمبر 2017 15:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2017ء) کراچی کے علاقے سی ویو دودریا کے قریب کار پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق، دوسرا زخمی ہوگیا۔مرنے والا ظافر مقامی کالج میں فرسٹ ایئر کا طالبعلم تھا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق سی ویو کے علاقے دودریا کے قریب ریس کے دوران گاڑیاں ٹکرانے کے باعث جھگڑا شروع ہوا جس کے بعد ہیوی بائیک پر سوار دو ملزمان نے کار پر فائرنگ کردی ،فائرنگ سے کار میں سوار دونوں افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طورپر نجی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ایک شخص دوران علاج دم توڑ گیا ، مقتول کی شناخت ظافر کے نام سے ہوئی ہے ۔

جاں بحق ہونے والا ظافر مقامی کالج میں سال اول کا طالبعلم تھا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور نعش کو قبضے میں لے کراسپتال منتقل کردی ۔ اسپتال عملے کے مطابق دوسرے شخص کی حالت بھی تشویشنا ک ہے۔ حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔