جب تک ایک بھی عاشق رسولؐ موجود ہے حکمران اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکتے‘ چودھری پرویزالٰہی

چودھری پرویزالٰہی کے سنہری دور میں فرقہ واریت کا کوئی واقعہ نہیں ہوا، مکمل تعاون کرینگے ‘سربراہ اسلامی جمہوری اتحاد علامہ زبیر احمد ظہیر کی قیادت میں وفد کی ملاقات

بدھ 13 دسمبر 2017 17:26

جب تک ایک بھی عاشق رسولؐ موجود ہے حکمران اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2017ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ جب تک پاکستان میں ایک بھی عاشق رسولؐ موجود ہے موجودہ حکمران اپنے ان مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے، ہم نے ختم نبوت کے مسئلہ پر ہر فورم پر آواز اٹھائی یہی وجہ تھی کہ ان حکمرانوں کو اپنے ہی پاس کیے ہوئے بل میں ترمیم کرنا پڑی اور دوبارہ ختم نبوت کی شق کو اپنی اصل حالت میں بحال کرنا پڑا۔

وہ یہاں اپنی رہائش گاہ پر اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ علامہ زبیر احمد ظہیر کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ وفد میں چودھری غلام نبی، میاں محمد اصغر، میاں محمد طاہر، رانا محمد آصف، حاجی محمود اکرم، میاں احسان الٰہی، میاں انعام الٰہی، میاں اکرام الٰہی اور رانا محمد واصف بھی شامل تھے۔

(جاری ہے)

علامہ زبیر احمد ظہیر نے چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ کی دینی و سماجی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بطور وزیراعلیٰ پنجاب آپ کا دور سنہری تھا، پورے پانچ سال میں فرقہ واریت کا ایک بھی واقعہ پیش نہیں آیا، تمام مکاتب فکر کے علماء پر مشتمل بورڈ کی وجہ سے پنجاب میں محرم الحرام اور دیگر مذہبی ایام میں امن و امان قائم رہا، اسلامی جمہوری اتحاد ہر سطح پر آپ کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گا۔