وزیر خارجہ کی مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کی جانب سے کشمیریوں تشدد،غیر قانونی حراست میں رکھنے کی مذمت

گھروں پر چھاپے، ظلم و بربریت کے اٹھائے جانے والے اقدامات جنوبی کشمیر کے عوام کو اپنے بہادر بھائیوں کے ساتھ یکجہتی سے نہیں روک سکتے ،ْخواجہ آصف

اتوار 17 دسمبر 2017 21:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2017ء) وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کی جانب سے کشمیریوں تشدد،غیر قانونی حراست میں رکھنے اور ماورائے عدالت قتل سمیت غیرانسانی طریقوں کے استعمال کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ کشمیری لیڈروں کے گھروں پر چھاپے، ظلم و بربریت کے اٹھائے جانے والے اقدامات جنوبی کشمیر کے عوام کو اپنے بہادر بھائیوں کے ساتھ یکجہتی سے نہیں روک سکتے۔

دفتر خارجہ سے اتوار کو جاری بیان میں وزیر خارجہ محمد آصف نے کہا کہ بھارتی قابض افواج کی جانب سے گزشتہ روز اننت ناگ چلو ریلی میں جانے والے ورکروں اور لیڈروں کو حراست میں لینے اور احتجاج کرنے والوں پر تشدد سے ایک بار پھر بھارت نے کشمیریوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کی ہے، اس کے علاوہ کشمیری لیڈروں کے گھروں پر چھاپے، ظلم و بربریت کے اٹھائے جانے والے اقدامات جنوبی کشمیر کے عوام کو اپنے بہادر بھائیوں کے ساتھ یکجہتی سے نہیں روک سکتے۔

(جاری ہے)

خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کشمیری لیڈروں کو جعلی مقدمات میں پھنسانے اور انہیں گرفتار کر کے اور عدالتوں میں بار بار پیشیوں سے ہراساں کیا جا رہا ہے۔ اس کی تازہ مثال سینئر حریت رہنما سید علی گیلانی کو 15سال پرانے کیس میں مقامی عدالت کے سامنے پیش ہونے کے نوٹس کا اجراء ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ بھارتی حکام تسلسل کے ساتھ کشمیری رہنمائوں کو بغیر کسی الزام کے حراست میں رکھ رہے ہیں اور انہیں غلط الزامات اور مقدمات بنا کر ہراساں کیا جا رہا ہے جبکہ ان پر تحقیقات کے نام پر ان پرتشدد کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو کشمیریوں اور کشمیری لیڈروں کے انسانی حقوق کی بھارتی خلاف ورزیوں پر خاموش نہیں رہنا چاہیے جو بھارتی غیرقانونی قبضے کے خلاف مزاحمت کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :