تحریک انصاف کا چیئرمین پیمرا کی تقرری کالعدم قرار دینے کے ہائیکورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم

ابصار عالم کی تقرری پر ہائیکورٹ کا فیصلہ تحریک انصاف کے موقف کی تائید ہے،آج ایک مرتبہ پھر ثابت ہوا کہ شریف ہوں یاانکے درباری جب تک کان سے پکڑ کر نہ نکالو جائیں گے نہیں، ابصار عالم جیسے بہت سے درباری اہم حکومتی عہدوں پر بٹھا رکھے ہیں،اداروں کی سربراہی جرم کے شراکت داروں کے سپرد کردی جائے تو وہ ادارے قوم پر بوجھ بن جاتے ہیں، شریفوں کی انہی حرکتوں کی وجہ سے سپریم کورٹ کو انکے لئے ''گارڈ فادر'' اور ''سیسیلین مافیا'' جیسے القابات استعمال کرنا پڑے، نواز شریف اور انکی باقیات کے شر سے قومی اداروں کو محفوظ بنانا تحریک انصاف کی اولین ترجیح ہے ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری

پیر 18 دسمبر 2017 15:33

تحریک انصاف کا چیئرمین پیمرا کی تقرری کالعدم قرار دینے کے ہائیکورٹ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 دسمبر2017ء) تحریک انصاف نے چیئرمین پیمرا کی تقرری کالعدم قرار دینے کے ہائیکورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابصار عالم کی تقرری پر ہائیکورٹ کا فیصلہ تحریک انصاف کے موقف کی تائید ہے،آج ایک مرتبہ پھر ثابت ہوا کہ شریف ہوں یاانکے درباری جب تک کان سے پکڑ کر نہ نکالو جائیں گے نہیں۔

پیرکو یہ بات ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری نے تحریک انصاف کی جانب سے چیئرمین پیمرا کی تقرری کالعدم قرار دینے پر ہائیکورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ سب سے بڑا درباری اور سمدھی بھی اشتہاری ہونے کے باوجود ابھی تک وزارت خزانہ سے چمٹا ہوا ہے۔انہیں نکال دو تو ''کیوں نکالا'' کی گردانیں شروع کردیتے ہیں۔

(جاری ہے)

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ خالصتا سیاسی مقاصد کے حصول کی خاطر ابصار عالم کو قابلیت اور اہلیت کا خون کرکے تعینات کیا گیاتھا۔

تنخواہوں اور مراعات کی مد میں ابصار عالم کو کی جانے والی ادائیگیاں بھی واپس لی جانی چاہئیں۔ابصار عالم جیسے بہت سے درباری اہم حکومتی عہدوں پر بٹھا رکھے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ شریفوں نے اس قسم کی تعیناتیاں کرکے قومی اداروں کا بیڑہ غرق کررکھا ہے۔ایس ای سی پی کا چیئرمین ریکارڈ میں تبدیلی جیسے شرمناک جرم میں رنگے ہاتھوں پکڑا گیا،نیشنل بنک کی سربراہی اس شخص کو دی جو شریفوں کیلئے بطور ڈپٹی گورنر سٹیٹ بنک منی لانڈرنگ کرتا رہا۔

اداروں کی سربراہی جرم کے شراکت داروں کے سپرد کردی جائے تو وہ ادارے قوم پر بوجھ بن جاتے ہیں۔شریفوں کی انہی حرکتوں کی وجہ سے سپریم کورٹ کو انکے لئے ''گارڈ فادر'' اور ''سیسیلین مافیا'' جیسے القابات استعمال کرنا پڑے۔نواز شریف اور انکی باقیات کے شر سے قومی اداروں کو محفوظ بنانا تحریک انصاف کی اولین ترجیح ہے۔