اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا 2018ء کے آغاز پر پیغام میں دنیا سے اتحاد کا مطالبہ

پیر 1 جنوری 2018 01:20

اقوام متحدہ ۔ 31 دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جنوری2018ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گیٹریس نے نئے سال 2018ء کے آغاز پر پوری دنیا کو بھیجے گئے اپنے پیغام کہا ہے کہ میں 2018ء کے آغاز میں پوری دنیا سے اتحاد کا مطالبہ کرتا ہوں کیونکہ جب میں نے ایک سال پہلے اپنا عہدہ سنبھالا تھا تو میں نے 2017ء کو امن کا سال قرار دینے کی اپیل کی تھی۔

بدقسمتی سے بنیادی حوالوں سے دنیا میں وقوع پذیر ہونے والے واقعات اس کے برعکس رہے۔نئے سال 2018ء کے پہلے دن میں کوئی اپیل نہیں کررہا بلکہ ایک تنبیہ کر رہا ہوں اور وہ یہ کہ تنازعات شدید ہوگئے ہیں اور نئے خطرات سامنے آئے ہیں۔جوہری ہتھیاروں کے بارے میں عالمی الجھنیں سرد جنگ کے بعد سے اس وقت انتہاکو پہنچ چکی ہیں۔

(جاری ہے)

موسمیاتی تبدیلیاں اور ان کے مضمرات ہم سے زیادہ تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔

عدم مساوات میں اضافہ ہورہا ہے۔ہم انسانی حقوق کی خوفناک خلاف ورزیاں دیکھ رہے ہیں۔قوم پرستی اور غیرملکیوں سے نفرت میں اضافہ ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں 2018ء کے آغاز میں اتحاد کا مطالبہ کرتا ہوں۔میں واقعی اس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ ہم اپنی دنیا کو مزید محفوظ بنا سکتے ہیں۔ہم تنازعات کو حل کرسکتے ہیں، نفرت پر قابو پاسکتے ہیں اور اپنی مشترکہ اقدار کا دفاع کرسکتے ہیں۔

لیکن ہم یہ سب صرف مل کر ہی کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں ہر جگہ کے رہنماؤں سے اس بات کو نئے سال کی قرارداد کے طور پر اپنانے کا مطالبہ کرتا ہوںکہ اختلافات کم کریں۔ آپس میں پڑی ہوئی تقسیم کو ختم کریں۔ مشترکہ مقاصد کے تحت لوگوں کو اکٹھا کر کے اعتماد کی فضا بحال کریں۔اتحاد ہی واحد راستہ ہے۔ہمارے مستقبل کا انحصار اسی پر ہے۔میں 2018ء میں آپ کے امن اور سلامتی کے لیے دعاگو ہوں۔ دنیا بھر میں بسنے والے دوستو،آپ سب کو نیا سال مبارک ہو۔

متعلقہ عنوان :