ملک میں تعلیم کے فروغ کے لئے نئی یونیورسٹیاں قائم کی جا رہی ہیں، انرولمنٹ میں اضافے کے لئے بھی اقدامات کئے جا رہے ‘ملک رفیق رجوانہ

قوموں کی برادری میں نمایاں مقام حاصل کرنے کے لئے لازم ہے کہ ہر شعبہ زندگی میں آگے بڑھنے کی جستجو کی جائے تاکہ ہماری اعلیٰ کارکردگی سے ملک کا وقار بلند ہو‘گورنرپنجاب

جمعرات 11 جنوری 2018 19:18

ملک میں تعلیم کے فروغ کے لئے نئی یونیورسٹیاں قائم کی جا رہی ہیں، انرولمنٹ ..
؂لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جنوری2018ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہائوس لاہور میں چیئرپرسن نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ رزینہ عالم خان نے ملاقات کی اور ادارہ کی 2016-17ء کی کارگردگی رپورٹ پیش کی۔گورنر پنجاب نے این سی ایچ ڈی کی ملک بھر میں تعلیم کے شعبہ میں خدمات کو سراہا اور اسے تعلیمی میدان میںنیک شگون قرار دیا ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو تعلیم،صحت سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے دن رات کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں تعلیم کے فروغ کے لئے نئی یونیورسٹیاں قائم کی جا رہی ہیںجبکہ انرولمنٹ میں اضافے کے لئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ قوموں کی برادری میں نمایاں مقام حاصل کرنے کے لئے لازم ہے کہ ہر شعبہ زندگی میں آگے بڑھنے کی جستجو کی جائے تاکہ ہماری اعلیٰ کارکردگی سے ملک کا وقار بلند ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اجتماعی ترقی کے لئے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے اور فروغ تعلیم سے ہی غربت، جہالت، بے روزگاری، پس ماندگی اور دیگر مسائل پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر چیئرپرسن این سی ایچ ڈی رازینہ عالم خان نے ادارہ کی کارگردگی کے حوالے سے بتایا کہ این سی ایچ ڈی ملک بھر کے 115اضلاع میںکا م کر رہی ہے،ملک میں 6000فیڈرسکول اور 6000عملی خواندگی کے مراکزقائم کئے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کی فیڈرسکولوں میں آئوٹ آف سکول کو لیا جاتا ہے اور یہ سکول صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عملی خواندگی کے مراکز میں ذیادہ تر خواتین کو سکلز سکھائی جائیں گی جس سے ملک میں غربت میں کمی آئے گی، خواتین کو سکھائی جانے والی سکلزمرغبانی، سبزی اگانے کے ساتھ ساتھ دیگر سکلز شامل ہیں جو کہ مطلوبہ ڈیمانڈ کے مطابق سکھائی جائیں گی۔

رازینہ عالم خان نے بتایا کہ اسلام آباد میں نیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ فار لٹریسی اینڈ نان فارمل ایجوکیشن قائم کیا گیا ہے،اگلے مرحلے میں اس کی شاخیں صوبوںمیں بھی قائم کی جائیں گی، انہوں نے مزید بتایا کہ پائیدار ترقی کے اہداف کے لئے ویژن2025 کے تحت90فیصد لٹریسی ہدف کے حصول کے لئے این سی ایچ ڈی پلان آف بنایا جا رہا ہے۔دریں اثناء گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی لاہور (پنجاب) کے وفد نے صدر محمد مبین خان کی قیادت میں ملاقات کی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کے مسائل حل کرنے کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے جس میں صحت، تعلیم ، صاف پانی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔اس موقع پر وفد نے گورنر پنجاب کو انہیں درپیش مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔ گورنر نے وفد کو یقین دلایا کے حکومت ان کے مسائل کو دور کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائے گی۔