وزیراعلیٰ شہبازشریف نے سروسز ہسپتال میں نئے تعمیر ہونے و الے غازی علم دین شہید بلاک کا افتتاح کردیا

1 ارب 37کروڑروپے کی لاگت سے تعمیر ہونیوالی یہ عمارت جدید طبی سہولتوں سے آراستہ ہے اورنئی تعمیر ہونیوالی عمارت میں مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین اورمعیاری سہولتیں میسر آئیں گی دکھی انسانیت کو معیاری اورجدید طبی سہولتوں کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے، شہباز شریف احتجاج کرنے والے میری مخالفت میں عوام کے ترقیاتی منصوبوں کی مخالفت کر رہے ہیں، سندھ،خیبر پختونخواہ اورپاکستان کے دیگر صوبوں میں بھی پی کے ایل آئی جیسے ہسپتال بننے چاہئیں قصور میں قوم کی بیٹی زینب کیساتھ بہت ظلم اوردرندگی ہوئی ہے ،واقعہ میں ملوث مجرم جب تک گرفتارنہیں ہوتے چین سے نہیں بیٹھیں گے ہمیں اپنی ذمہ داری کا احساس ہے اوراسے ہر قیمت پر نبھائینگے،احتجاج کرنیوالے خدارا قوم کا وقت ضائع نہ کریں،وزیراعلیٰ پنجاب کا تقریب سے خطاب

پیر 15 جنوری 2018 20:54

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے سروسز ہسپتال میں نئے تعمیر ہونے و الے غازی علم ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 جنوری2018ء) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے سوموار کو سروسز ہسپتال میں نئے تعمیر ہونیوالے غازی علم دین شہید بلاک کا افتتاح کیا۔وزیراعلیٰ نے بلاک کے 7ویں فلورپرلیور کلینک کا بھی افتتاح کیا ۔وزیراعلیٰ نے افتتاح کے بعد نئے بلاک کا دورہ کیااوریہاں مہیا کی جانیوالی طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ نئے بلاک کے ریڈیالوجی ،بچہ وارڈ اوردیگر شعبوں میں گئے اورطبی سہولیات کا معائنہ کیا۔

وزیراعلیٰ نے سروسز ہسپتال کے الیکٹرانک پرچی سسٹم کا بھی مشاہدہ کیا۔ وزیراعلیٰ کو مکمل ہونے والے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے شاندار نئے بلاک کی تعمیر اوریہاں دستیاب طبی سہولتوں پر مسرت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ڈاکٹروں اورسٹاف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 1 ارب 37کروڑروپے کی لاگت سے تعمیر ہونیوالی یہ عمارت جدید طبی سہولتوں سے آراستہ ہے اورنئی تعمیر ہونیوالی عمارت میں مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین اورمعیاری سہولتیں ملی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ نئی عمارت میں مریضوں کی سہولت کیلئے تین لفٹوں کے علاوہ ایک خصوصی لفٹ بھی نصب کی گئی ہے اوراس لفٹ کے ذریعے مریض کو بیڈ کیساتھ اوپر اورنیچے منتقل کیا جاسکے گا۔انہوںنے کہا کہ سروسز ہسپتال روزانہ ہزاروں مریضوں کو علاج معالجے کی سہولتیں فراہم کررہا ہے اور300بیڈ کے اس ہسپتال میں آن لائن پرچی کاؤنٹر ز قائم کیے گئے ہیں۔

ہسپتال میں الیکٹرانک پارکنگ کا اہتمام کیا گیا ہے اور مریضوں کو ایمرجنسی سے وارڈز میں منتقل کرنے کیلئے شٹل سروس بھی فراہم کی جارہی ہے ۔سروسز ہسپتال بہترین علا ج گاہ کا کردارادا کررہا ہے اوراب اسکے توسیع منصوبے کے تحت 9منزلہ نیا بلاک بنایا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے نئے بلاک کے افتتاح کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سروسز ہسپتال میں ایک نیا شانداربلاک تعمیر کیا گیا ہے جوخود ایک بڑا ہسپتال ہے ۔

مجھے ہسپتال میں صفائی کی صورتحال اورجدید طبی سہولتوں کو دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی ہے اوریہ نیا بلاک مریضوں کو طبی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔ میں اس شاندار نئے بلاک کے تکمیل پر صوبائی وزراء ، چیف سیکرٹری،متعلقہ سیکرٹریز، پروفیسرز،سرجنز،فزیشنز اورپوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں ۔ انہوںنے کہا کہ میں ینگ ڈاکٹرز کو بھی مبارکباد دیتا ہوں ،میرا ان سے کوئی ذاتی عناد نہیں ہے۔

جس طرح ینگ ڈاکٹرز یہاں دکھی انسانیت کی خدمت کررہے ہیں مجھے یہ دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ سروسز ہسپتال میں غازی علم دین شہید بلاک کی تعمیر دکھی انسانیت کی خدمت کے عزم اورایک عظیم ٹیم ورک کانتیجہ ہے ۔انہوںنے کہا کہ یہ بلاک ڈاکٹر محمود کی نگرانی میں دکھی انسانیت کی خدمت میں پیش پیش ہوگا،اس بلاک میں سی ٹی سکین کی جدید مشین نصب کی گئی ہے جو پی کے ایل آئی میں لگائی گئی سی ٹی سکین مشین کے ہم پلہ ہے اوریہاں الٹراساؤنڈ کی بھی جدید مشینیں موجود ہیں۔

یہاں مریضوں کا سی ٹی سکین مفت کیا جا رہا ہے اوراس شاندار ماڈل کو ہی ہمیں آگے لیکر جانا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ دکھی انسانیت کو معیاری اورجدید طبی سہولتوں کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے اوراسی مقصد کے تحت صوبے بھر میں جدید طبی سہولتوں سے آراستہ ہسپتال بنائے گئے ہیں۔انہوںنے کہا کہ سروسز ہسپتال میں اس جدید بلاک کی تعمیر اوریہاں موجود جدید طبی سہولتیں دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی ہے ۔

اس سے یقینا دکھی انسانیت کی دعائیں ملیں گی جن سے شاید ہمارے گناہ بھی دھل جائیں ۔وزیراعلیٰ نے 17جنوری کے احتجاج کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ جب یہ دن آئیگا تو پھر بات کریں گے تاہم احتجاج کرنیوالوں کودعوت دیتا ہوں کہ وہ یہاں آئیں اورطبی سہولتوں دیکھیں۔ اسی طرح پی کے ایل آئی میں بھی علاج معالجے کی سہولتوں کو جائزہ لیں ۔

میں سمجھتا ہوں کہ سندھ،خیبر پختونخواہ اورپاکستان کے دیگر صوبوں میں بھی ایسے ہسپتال بننے چاہئیں۔احتجاج کرنے والوں سے کہتا ہوں کہ خدارا قوم کا وقت ضائع نہ کریں ۔ انہوںنے کہا کہ ہم خدمت انسانیت کے منصوبوں کاافتتاح کررہے ہیں ،مجھے نہیں معلوم کہ احتجاجی عناصر میری مخالفت کررہے ہیں یا عوام کے ترقیاتی منصوبوں کی ۔میری ایسے عناصرسے استدعا ہے کہ خدارا قوم کا وقت ضائع نہ کریں۔

قصور میں زینب کے قتل کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ قوم کی بیٹی زینب کے ساتھ بہت ظلم اوردرندگی ہوئی ہے ،اس واقعہ میں ملوث مجرم جب تک گرفتارنہیں ہوتے چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ہمیں اپنی ذمہ داری کا احساس ہے اوراسے ہر قیمت پر نبھائیں گے۔صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق،خواجہ عمران نذیر ،چیف سیکرٹری،سیکرٹری صحت اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔