اسحاق ڈارکے فلاحی اداروں کے بینک اکانٹس فعال کرنے کی درخواست پرفیصلہ محفوظ

بدھ 24 جنوری 2018 12:59

اسحاق ڈارکے فلاحی اداروں کے بینک اکانٹس فعال کرنے کی درخواست پرفیصلہ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 جنوری2018ء)احتساب عدالت نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے زیرسرپرستی چلنے والے فلاحی اداروں ہجویری ٹرسٹ اور ہجویری فانڈیشن کے اکاونٹس کھولنے سے متعلق درخواست پرفیصلہ محفوظ کرلیا ۔ بدھ کو اسلام آباد میں احتساب عدالت کے جج محمد بشیرنے سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈارکے زیرسرپرستی چلنے والے فلاحی اداروں ہجویری ٹرسٹ اور ہجویری فانڈیشن کے اکاونٹس کھولنے سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔

اسحاق ڈارکی طرف سے ان کے وکیل قاضی مصباح الحسن پیش ہوئے۔اسحاق ڈار کے وکیل نے موقف اختیارکیا کہ ہجویری فائونڈیشن ایک سے زیادہ منصوبے چلارہا ہے، ہجویری فانڈیشن 5 سے 6 کروڑ روپے مختلف اسپتالوں کو ڈائیلاسز کے لئے دے رہا ہے، ہجویری فانڈیشن ہی ہجویری ٹرسٹ کو فنڈز دے رہا ہے، ہجویری ٹرسٹ یتیموں کا ادارہ ہے جس میں سیکڑوں بچے زیر کفالت ہیں، ٹرسٹ کا پیسہ کوئی غلط استعمال کیسے کرسکتا ہے، ہم نے 3 سال کے اخراجات کے حوالے سے دستاویزات جمع کرادی ہیں۔

(جاری ہے)

نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹرعمران شفیق نے جواب میں موقف اختیار کیا کہ یہ حقیقت ہے کہ ہجویری ٹرسٹ میں یتیم بچے رہتے ہیں، ہم نہیں چاہتے کہ بچوں کی کفالت رک جائے لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ فلاحی ادارے کا غلط استعمال کیا گیا، ادارہ اچھے مقصد کیلئے بنا لیکن غلط استعمال کیا جارہا ہے۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ 31جنوری تک کے لیے محفوظ کرلیا۔