وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ای این آئی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کلاڈیو ڈسکالزی کی عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر ملاقات

جمعرات 25 جنوری 2018 22:15

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ای این آئی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کلاڈیو ..
ڈیووس ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ای این آئی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کلاڈیو ڈسکالزی نے دیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر ملاقات کی۔ وزیراعظم نے ای این آئی کے پاکستان میں کام اور مقامی آبادی کی سماجی و اقتصادی بہتری کیلئے کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کی توانائی کی طلب کو پورا کرنے میں ای این آئی کے فعال کردار کا خیرمقدم کیا اور مختلف منصوبوں میں اس کی شمولیت بالخصوص پانی، سماجی و اقتصادی ترقی، تعلیم، صحت اور ماحولیاتی تحفظ تک رسائی کی فراہمی سے متعلق اقدامات کی تعریف کی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کمرشل، صنعتی اور گھریلو صارفین کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے اور آج پاکستان کے پاس اضافی گیس اور بجلی موجود ہے۔

(جاری ہے)

ای این آئی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا شکریہ ادا کیا اور پاکستانی صارفین کو توانائی کی پائیدار فراہمی کیلئے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

واضح رہے کہ ای این آئی تیل اور گیس کی ملٹی نیشنل کمپنی ہے جو دنیا کے 73 ممالک میں کام کر رہی ہے اور ریونیو کے حوالہ سے 100 بڑی کمپنیوں میں شامل ہے۔ ای این آئی 2000ء سے پاکستان میں کام کر رہی ہے اور اس کے پاس پاکستان میں قدرتی گیس کی تلاش کے تین بڑے پرمٹس موجود ہیں۔ ملاقات میں وزیراعظم کے معاون خصوصی علی جہانگیر صدیقی اور سینئر حکام بھی موجود تھے۔