کوئٹہ،جمعیت علماء اسلام کی امریکہ کی جانب سے ڈرون حملے کی مذمت

ہم اس کو پاکستان کی سالمیت پر حملہ تصور کرتے ہیں امریکہ نے سولہ برس قبل افغانستان پر حملہ کرکے نام نہاد دہشت گردی کے خلاف جنگ کی آڑ میں لاکھوں مظلوم انسانوں کا خون بہایا، صوبائی امیر مولانا فیض محمد و دیگر کی مذمت

جمعرات 25 جنوری 2018 23:01

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جنوری2018ء) جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر مولانا فیض محمد‘ملک سکندرخان ایڈووکیٹ اور مولانا محمد حنیف نے پاکستان پر ڈرون حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس کو پاکستان کی سالمیت پر حملہ تصور کرتے ہیں امریکہ نے سولہ برس قبل افغانستان پر حملہ کرکے نام نہاد دہشت گردی کے خلاف جنگ کی آڑ میں لاکھوں مظلوم انسانوں کا خون بہایا لیکن اس کی دہشت گردی ختم نہیں ہوئی بلکہ امریکہ کی موجودگی میں داعش افغانستان میں پیدا ہوگئی اور اس کا الزام امریکہ پر لگایا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک خودمختار ایٹمی طاقت کا حامل ملک ہے امریکی ڈرون حملے پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے جس کی مذمت کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ دفتر خارجہ کی جانب سے امریکی سفارتخانے سے احتجاج کے علاوہ سفارتی سطح پر بھی موثر انداز میں احتجاج کرنے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ اس طرح کارروائی سے امریکہ کا ظالمانہ چہرہ بھی بے نقاب ہوا ہے امریکہ کسی کا دوست نہیں ہو سکتا ہے اس کو صرف اپنے مفادات عزیز ہیں انہوں نے کہا کہ جمعیت علما اسلام مطالبہ کرتی ہے کہ خارجہ پالیسی کا از سر نو جائزہ لیا جائے اور امریکی جنگ سے علیحدگی اختیار کی جائے۔