ڈائریکٹر جنرل گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنیز صغریٰ نے گلیات میں برف باری سے بند سڑکوں کا نوٹس لے لیا

خیبر پختونخوا ہائی وے اتھارٹی، سی اینڈ ڈبلیو اور جی ڈی اے سروسز ڈلیوری کی بہتری کیلئے فیلڈ میں موجود رہیں،کنیز صغریٰ

منگل 13 فروری 2018 23:30

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2018ء) ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے کنیز صغریٰ نے گلیات میں برف باری سے بند سڑکوں کا نوٹس لیتے ہوئے خیبر پختونخوا ہائی وے اتھارٹی، سی اینڈ ڈبلیو اور گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ٹیکنیکل ونگ کو سروسز ڈلیوری کی بہتری کیلئے فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کر دی۔ چیف سیکرٹری کی احکامات کے مطابق عملہ کو وقت کی پابندی کو ہر صورت یقینی بنانے اور عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا، سرکاری کام کو ذاتی سمجھ کر کیا جائے۔

(جاری ہے)

کنیز صغریٰ نے کہا کہ گلیات میں برف باری سے متاثرہ سڑکوں کی بحالی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ مقامی افراد کے ساتھ سیاحوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے جی ڈی اے کے مرکزی دفتر میں قائم کردہ ہیلپ ڈیسک کو 24 گھنٹے فعال رکھنے اور عوام کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ کنیز صغریٰ نے کہا کہ گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں لاپرواہی اور غفلت برتنے والوں کی کوئی جگہ نہیں، ادارہ کی کارکردگی کو ہر صورت بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں گلیات کی تمام رابطہ سڑکوں کو ٹریفک کیلئے بحال کر دیا جائے گا۔