محکمہ تعلقات عامہ ملتان اور محکمہ صحت کے زیر اہتمام سیزنل انفلوائنزاکی حفاظتی ویکسی نیشن کیمپ کاانعقاد

ہفتہ 17 فروری 2018 21:04

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2018ء) حکومت پنجاب کی ہدایت پر محکمہ تعلقات عامہ ملتان اور محکمہ صحت کے زیر اہتمام سیزنل انفلوائنزاکی حفاظتی ویکسی نیشن کا کیمپ لگایا گیا ۔محکمہ تعلقات عامہ ملتان آفس میں منعقدہ کیمپ کا افتتاح ڈپٹی کمشنر ملتان نادر چٹھہ نے کیا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسرہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر شاہد محمود بخاری ،ڈائریکٹر تعلقات عامہ چوہدری طاہر محمود ،ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن محمداصغر خان اور فوکل پرسن ڈاکٹر عطا ء الرحمن بھی اس موقع پر موجود تھے۔

دو روزہ سیزنل انفلوائنزا کیمپ کے پہلے روز 3سو سے زائد صحافیوں کو سیزنل انفلوائنزا سے بچائو کی ویکسی نیشن لگائی گئی ۔ڈپٹی کمشنر نادر چٹھہ نے سیزنل انفلوائنزا کیمپ کے مختلف کائونٹرز کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب سیزنل انفلوائزا سے شہریوں کو تحفظ دینے کیلئے بھرپور آگاہی مہم چلائی جارہی ہے جبکہ نشتر ہسپتال میں جدید ترین آئیسو لیشن وارڈ بھی قائم کر دیا گیا ہے جہاں ٹیسٹ اور ادویات کی تمام سہولیات مفت دستیاب ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کے موثر اقدا مات کی بدولت سیزنل انفلوائنزا کے صرف مریض نشتر ہسپتال میں داخل ہیں جن کو مکمل صحت کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ۔اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شاہدمحمود بخاری نے کہا کہ شہری اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف رکھیں اور بخار و کھانسی کی علامات کی صورت میں فوری قریبی ڈاکٹر سے رجوع کریں ۔سیزنل انفلوائنزا کیمپ کے کوارڈینیٹر ڈاکٹر عطا ء الرحمن نے بتایا کہ سیزنل انفلوائنزا ویکسی نیشن کے ذریعے شہریوں میں قوت مدافعت پیدا کی جا رہی ہے۔ درین اثناء محکمہ تعلقات عامہ ملتان کے آفیسران محمد وسیم یوسف ، ارم سلیمی اور اللہ وسایا نے صحافی برادی کیلئے سیزنل انفلوائنزا کیمپ کے انعقادکے انتظامات کی نگرانی کی۔

متعلقہ عنوان :