صحن حرم میں تاش کھیلنے والی خواتین کی تصویر وائرل ، انتظامیہ نے وارننگ جاری کر دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 19 فروری 2018 17:44

صحن حرم میں تاش کھیلنے والی خواتین کی تصویر وائرل ، انتظامیہ نے وارننگ ..
مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 فروری 2018ء): سوشل میڈیا پر صحن حرم میں بیٹھ کر تاش کھیلنے والی خواتین کی تصویر وائرل ہوئی جس پر کئی سوشل میڈیا صارفین نے ناراضگی اور ملے جُلے رد عمل کا اظہار کیا۔ حرم کی انتظامیہ نے ان خواتین کو صحن حرم جیسی مقدس جگہ پر بیٹھ کر تاش نہ کھیلنے سے متعلق تنبیہہ کی جس پر خواتین نے تاش کھیلنا بند کردیا اور اپنے رشتہ داروں کا انتظار کرنے لگیں۔

(جاری ہے)

سعودی روزنامہ اوکاز کے مطابق جمعہ کے روز صبح 11 بجے کے قریب مذکورہ خواتین کو صحن حرم کے مغربی حصے میں شاہ عبد العزیز گیٹ کے پاس تاش کھیلتے ہوئے دیکھا گیا۔ تصویر وائرل ہونے پر آپریشن روم کو مطلع کیا گیا جس کے بعد جنرل پریذیڈنسی نے رہنمائی کے شعبے میں کام کرنے والی اہلکار خواتین کو یہ معاملہ دیکھنے کا ٹاسک سونپا۔سپروائزر نے ان چاروں خواتین کے پاس جا کر کھیل ختم کرنے اور اس مقدس جگہ کا احترام کرنے کی تلقین کی ۔ جس کے بعد چاروں خواتین نے اپنے تاش سمیٹے اور وہاں سے چلی گئیں۔ انتظامیہ نے خواتین کو ایسے مقدس مسجد میں بیٹھ کر ایسے کھیل کھیلنے سے خبردار کیا۔