شہبازشریف کی لیڈرشپ عوام کیلئے بے حد اہمیت کی حامل ہے‘ریجنل ڈائریکٹر یونیسیف

وزیراعلیٰ شہبازشریف کے اختراعی اقدامات کی بدولت مثبت تبدیلی کے واضح آثار نظر آ رہے ہیں‘جین گوف

پیر 26 فروری 2018 19:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2018ء) یونائٹڈ نیشنز چلڈرنز فنڈ (یونیسیف) کی ریجنل ڈائریکٹر جین گوف نے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف سے ملاقات کے دوران ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف وژنری لیڈر ہیں۔ ان کی اعلیٰ قیادت کی بدولت پنجاب کو تعلیم، صحت سمیت سماجی ترقی کے دیگر شعبوں میں دیگر صوبوں پر واضح برتری حاصل ہے۔

وزیراعلیٰ شہبازشریف کے اختراعی اقدامات کی بدولت مثبت تبدیلی کے واضح آثار نظر آ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

شہبازشریف کی لیڈرشپ عوام کے لئے بے حد اہمیت کی حامل ہے۔ نومولود بچوں کی شرح اموات میں کمی، ماں بچے کی صحت، سکولوں میں داخلے کی شرح میں اضافہ اور اور ڈراپ آئوٹ میں کمی حکومت پنجاب کے اقدامات کی کامیابی کا ثبوت ہے۔ چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لئے حکومت پنجاب کے اقدامات حوصلہ افزا نتائج کے حامل ہیں۔ پولیو ویکسینیشن اور حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام کی کامیابی میں پنجاب مثال بن چکا ہے۔ یونیسیف کی ریجنل ڈائریکٹر نے کہا کہ ڈیجیٹل برتھ رجسٹریشن کے انقلابی اقدام تعلیم اور صحت کے منصوبوں کی پلاننگ میں معاون ہیں۔