آئی سی سی ورلڈ کپ کوالیفائرز، افغانستان نے کالی آندھی کو وارم اپ میچ میں 29 رنز سے ہرا دیا، دولت زدران کی 4 وکٹیں

منگل 27 فروری 2018 22:24

آئی سی سی ورلڈ کپ کوالیفائرز، افغانستان نے کالی آندھی کو وارم اپ ..
ہرارے۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2018ء) آئی سی سی ورلڈ کپ کوالیفائرز کرکٹ ٹورنامنٹ میں افغانستان نے ویسٹ انڈیز کو وارم اپ میچ میں 29 رنز سے ہرا دیا، بارش کے باعث میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت ہوا، بارش کی وجہ سے ویسٹ انڈیز کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت فتح کیلئے 35 اوورز میں 140 رنز کا ہدف ملا جس کے تعاقب میں کالی آندھی 26.4 اوورز میں 110 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، افغانستانی بائولرز کی نپی تلی بائولنگ کے سامنے کالی آندھی کی بیٹنگ لائن اپ ریت کی دیوار ثابت ہوئی، 9 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، دولت زدران نے 4 وکٹیں لیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز کھیلے گئے وارم اپ میچ کو بارش کی وجہ سے 35 اوورز تک محدود کر دیا گیا، افغانستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 163 رنز بنائے، 71 کے سکور پر افغانستان کی 8 وکٹیں گر گئی تھیں لیکن گلبدین نائب اور سمیع اللہ شنواری نے مشکل وقت میں عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کر کے ٹیم کی پوزیشن کو بہتر بنایا، گلبدین نائب 48 رنز بنا کر نمایاں رہے، سمیع اللہ شنواری 42 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، کوٹریل نے 3، ہولڈر اور ولیمز نے 2، 2 وکٹیں لیں، جواب میں میں بارش کے باعث کالی آندھی کو فتح کیلئے 35 اوورز میں 140 رنز کا ہدف ملا جس کے تعاقب میں ویسٹ انڈین ٹیم 27ویں اوور میں 110 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، ایون لیوس 36 اور مارلون سیموئلز 34 رنز بنا کر نمایاں رہے، 9 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، کرس گیل 9 رنز بنا سکے، دولت زدران نے 4، شراف الدین اشرف اور راشد خان نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

متعلقہ عنوان :