خواجہ آصف پر ورکرز کنونشن کے دوران سیاہی پھینک دی گئی

وزیر خارجہ کا سیاسی پھینکنے والے شخص کو معاف کرنے کا اعلان

ہفتہ 10 مارچ 2018 23:10

خواجہ آصف پر ورکرز کنونشن کے دوران سیاہی پھینک دی گئی
سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مارچ2018ء) وزیر خارجہ خواجہ آصف پر سیالکوٹ میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن کے دوران سیاہی پھینک دی گئی تاہم خواجہ آصف نے سیاسی پھینکنے والے شخص کو معاف کرنے کا اعلان کردیا اور کہا واقعہ سے میری سیاست کو فرق نہیں پڑتا بلکہ اب بھی ہرازوں لوگ میرے لیے دعا گو ہیں۔ میڈیارپورٹس کے مطابق خواجہ آصف سیالکوٹ میں (ن) لیگ کے ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے کہ ایک شخص نے اچانک پیچھے سے ان پر سیاہی پھینک دی۔

واقعے کے فوری بعد پولیس نے وزیر خارجہ خواجہ آصف پر سیاہی پھینکنے والے شخص کو گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

خواجہ آصف نے اس موقع پر اپنا خطاب جاری رکھا اور کہا کہ سیاہی پھینکنے والے شخص کو کسی نے بھیجا ہے اور چار پیسے دے کر مجھ پر سیاہی پھینکوائی گئی لیکن اسے چھوڑ دیں کیونکہ میری اس سے کوئی دشمنی نہیں ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ سیاسی پھینکنے سے میری سیاست کو فرق نہیں پڑتا بلکہ اب بھی ہرازوں لوگ میرے لیے دعا گو ہیں۔خواجہ آصف کی جانب سے سیاہی پھینکنے والے شخص کو چھوڑنے کا کہنے پر کارکنوں کی جانب سے نامنظور نامنظور کے نعرے لگائے گئے۔خیال رہے کہ چند روز قبل وزیر داخلہ احسن اقبال پر بھی ورکرز کنوینشن سے خطاب کے دوران ایک شخص نے ان کی جانب جوتا اچھال دیا تھا۔