مضبوطی اور گرم جوشی سے ہاتھ ملانے والوں کو دل کی بیماریاں کم لاحق ہوتی ہیں، ماہرین

منگل 20 مارچ 2018 12:30

لندن۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2018ء)برطانوی ماہرین صحت نے کہا ہے کہ مضبوطی اور گرم جوشی سے ہاتھ ملانے والے افراد میں دل کی بیماریاں لاحق ہونے کے خطرات کم ہوتے ہیں اور اس کے برعکس کمزور گرفت کے ساتھ، ڈھیلے ڈھالے انداز میں مصافحہ کرنے والے افراد امراض قلب کا زیادہ شکار ہوتے ہیں۔کوئین میری یونیورسٹی آف لندن میں طبی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ ہاتھوں کی مضبوط گرفت صحت مند دل کی ساخت اور افعال سے منسلک ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

مصافحے کے دوران ہاتھ کی مضبوط گرفت (ہینڈ گرپ) دل کی بیماریوں کے شکار افراد کی شناخت کرنے کا اہم اور آسان طریقہ ہے۔ یہ طریقہ اختیار کرکے امراض قلب میں مبتلا افراد بھی ہارٹ اٹیک جیسے جان لیوا حملوں سے اپنی زندگیوں کی حفاظت کرسکتے ہیں۔ مضبوطی سے ہاتھ ملانے والوں کے برعکس کمزور مصافحہ کرنے والے افراد میں دل کی بیماریاں بڑھنے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں کیونکہ دوران مصافحہ مضبوط گرفت ظاہر کرتی ہے کہ ہاتھ ملانے والے شخص کا دل، خون کو درست طریقے سے پمپ کررہا ہے جبکہ کمزور گرفت اس بات کی نشاندہی کرتی ہے ان افراد میں دل کی بیماریاں غالب آسکتی ہیں۔