عالمی یوم تپ دق 24مارچ کو منایا جائیگا

منگل 20 مارچ 2018 13:11

لاہور۔20 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2018ء)پاکستان سمیت دنیا بھر میں عالمی یوم تپ دق ( ٹی بی) کا 24 مارچ بروز ہفتہ کو منایا جائیگا اس مرتبہ اس دن کا تھیم’’سٹاپ ٹی بی پارٹنر شپ‘‘ رکھا گیا جبکہ تھیم کا رنگ اس سال بھی سرخ ہے جو ریڈ ایرو (سرخ تیر) اور ریڈ لائٹس کی شکل میں تقریبات اور سوشل میڈیا مہمات کے لئے آویزاں رہے گا۔

پاکستان اس وقت دنیا کے ٹی بی سے متاثرہ ممالک میں چھٹے نمبر پر شمار ہوتا ہے ،ہر ایک ہزار پاکستانیوں میں سے 231 ٹی بی کا شکار ہو رہے ہیں اور ہر سال ٹی بی کے 420,000 کیسز رجسٹرڈ ہو رہے ہیں جن میں 15,000کیسز بچوں کے ہوتے ہیں۔2016 میں مرتب کردہ ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں مختلف بیماریوں سے ہونے والی اموات میں ٹی بی سے ہر سال ہلاک ہونے والوں کی تعداد 70,000 ہے جبکہ عالمی سطح پر ٹی بی ہلاک ہونے والوں کی تعداد 17لاکھ(1.7ملین)ہے۔

(جاری ہے)

عالمی یوم ٹی بی کے موقع پر ہر سال کی طرح اس سال بھی خصوصی تقریبات ، سیمینارز ، ورکشاپس اور سوشل میڈیا کمپینز کا اہتمام کیا جائیگا جس میں ٹی بی کے پھیلائو اور اس کے تدارک بارے میں عوام کو آگاہی فراہم کی جائیگی نیز اس موقع پر تمام شہروں میں محکمہ صحت، ٹی بی کنٹرول پروگرام، ٹی بی ڈاٹس پروگرام اور تپ دق کے خاتمہ کیلئے کام کرنے والی این جی اوز کے اشتراک سے واکس بھی منعقد کی جائیں گی تاکہ عوام میں اس بیماری کے خلاف زیادہ سے زیادہ شعور بیدار ہو سکے اور وہ ٹی بی جیسے مہلک مگر 100فیصد قابل علاج مرض ، اس کی وجوہات ، ابتدائی علامات ، تشخیص ، علاج ، پرہیز ، تدارکی اقدامات کے بارے میں آگاہی حا-صل کر سکیں۔