سی پیک کے تحت توانائی کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے،

10 ہزار 400 میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل ہوگی کراچی پورٹ قاسم پاور پلانٹ سے رواں ماہ کے آخر تک 1320 میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل ہوجائیگی ،حسن دائود بٹ

منگل 20 مارچ 2018 16:10

سی پیک کے تحت توانائی کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے،
کراچی۔20مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2018ء) چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے پراجیکٹ ڈائریکٹر حسن دائود بٹ نے کہا ہے کہ سی پیک کے تحت توانائی کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے جس سے 10 ہزار 400 میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل ہوگی۔ کراچی پورٹ قاسم میں قائم پاور پلانٹ سے رواں ماہ کے آخر تک 1320 میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پورٹ قاسم پاور پلانٹ کے دورہ کے موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پورٹ قاسم پاور پلانٹ کے پہلے یونٹ سے 660 میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل کی گئی ہے جبکہ دوسرا یونٹ رواں مہینے کے آخری ہفتے میں کام شروع کر دے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت ارلی ہارویسٹ توانائی کے منصوبوں میں ساہیوال کول پاور پلانٹ اور پورٹ قاسم پاور پلانٹ اہم منصوبے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پورٹ قاسم پاور پلانٹ 30 مہینوں میں مکمل ہوا ہے،اس میں دنیا کی سپر ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے جو ماحول دوست بجلی فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پاور پلانٹ پر ساڑھے تین ہزار پاکستانی ورکروں نے کام کیا ہے اور اب اس میں تقریباً 120 سے زائد ٹیکنیکل اور مکینیکل انجینئر کام کر رہے ہیں۔ یہ تعداد 450 تک پہنچنے کی توقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیکنیکل اور مکینیکل انجینئرز کو پہلے پاکستان میں تربیت فراہم کی جاتی ہے اور اس کے بعد انہیں تربیت کے لئے چین بھیجا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی اتنی بڑی سرمایہ کاری نے بین الاقوامی دنیا کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے راغب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال میں بہتری کی وجہ سے بین الاقوامی دنیا سے سرمایہ کار پاکستان کا رخ کر رہے ہیں اور اس سے کاروباری ماحول میں بہتری آئی ہے۔

سی پیک کے تحت دوسرے مرحلے میں ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر کام کا آغاز ہو گیا ہے جس میں سکھی کناری اور کیروٹ کے منصوبے شامل ہیں۔ سی پیک کے تحت جاری ان منصوبوں سے پاکستان میں توانائی بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور پاکستان کا صنعتی شعبہ مزید ترقی کرے گا۔ سی پیک کے تحت جاری منصوبوں اور صنعتی تعاون کے شعبے میں لاکھوں کی تعداد میں ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا ہوں گے جس سے ملک کے نوجوان طبقہ کو استفادہ کا بھرپور موقع ملے گا۔

متعلقہ عنوان :