کراچی میں پی ایس ایل کے فائنل نے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے کھول دیئے،

پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے دشمنوں کو واضح اور زبردست پیغام بھی دیدیا،وفاقی وزیر برائے سیفرون لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ

پیر 26 مارچ 2018 23:53

کراچی میں پی ایس ایل کے فائنل نے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2018ء) وفاقی وزیر برائے سیفرون لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ کراچی میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے فائنل میچ کے کامیاب انعقاد سے بین الاقوامی سطح پر ایک مضبوط پیغام گیا ہے کہ پاکستان ایک امن پسند اور محبت کرنے والا ملک ہے۔ پیر کو پاکستان ٹیلی ویژن سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے فائنل نے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے کھولے ہیں اور پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے دشمنوں کو ایک واضح اور زبردست پیغام بھی دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی جیسے میٹر پولیٹن سٹی میں پی ایس ایل جیسے ایونٹس کا انعقاد یہاں عالمی کرکٹ کی بحالی کے دروازے کھولے گا اور لوگوں کی تفریح کے لیے ایسے رنگا رنگ پروگرام کیے بھی جانے چاہیئں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کراچی ہمارے ملک کا معاشی مرکز ہے اور اس میگا شہر کے امن کی بحالی ہماری قانون نافذ کرنے والے اداروں کے یہاں کامیاب آپریشن کے باعث ممکن ہوئی ہے جس میں ہماری پولیس، رینجرز اور مسلح افواج سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اہم کردار ادا کیا اور اس بڑے معاشی شہر سے دہشت گردی و انتہا پسندی سمیت بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلننگ کا خاتمہ یقینی بنایا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک بھر میں امن کی بحالی اور دہشت گردی و انتہا پسندی کے جڑ سے خاتمے کے لیے آپریشن ضرب عضب اور آپریشن ردالفساد شروع کیا جس نے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو تباہ کر دیاہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی موثرو کارآمد پالیسیوں اور ٹھوس اقدامات کی بدولت ریاست کی غیر یقینی کی صورت حال کا بھی خاتمہ کیا گیا ہے۔