قومی احتساب بیورو( نیب) کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس

سابق منیجنگ ڈائریکٹر سوئی سدرن گیس کمپنی عظیم اقبال صدیقی کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ ممبر اسٹیٹ سی ڈی اے بریگیڈیئر (ر) اسد منیر اور سی ڈی اے کے دیگر افسران، عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کے افسران ، پیر صبغت اللہ شاہ راشدی اور سابق اے آئی جی بلوچستان عبدالقدیر بھٹی کے خلاف انویسٹی گیشنز، انکوائری کا فیصلہ سینیٹر سحر کامران کے خلاف انکوائری متعلقہ قوانین کے تحت منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھیجنے کا فیصلہ تمام شکایات کی جانچ پڑتال ، انکوائریاں اور انوسٹی گیشنز کو قانون، میرٹ، شفافیت اور ٹھوس شواہد کی بنیا د پر مقررہ وقت کے اندر منطقی انجام تک پہنچایا جائے ، چیئرمین نیب

بدھ 28 مارچ 2018 16:06

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2018ء) قومی احتساب بیورو( نیب) کے ایگزیکٹو بورڈ نے سابق منیجنگ ڈائریکٹر سوئی سدرن گیس کمپنی عظیم اقبال صدیقی کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے ، ممبر اسٹیٹ سی ڈی اے بریگیڈیئر (ر) اسد منیر اور سی ڈی اے کے دیگر افسران کے خلاف انویسٹی گیشن، عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کے افسران کے خلاف انویسٹی گیشن اور پیر صبغت اللہ شاہ راشدی کے خلاف انکوائری، سابق اے آئی جی بلوچستان عبدالقدیر بھٹی کے خلاف انکوائری کا فیصلہ کیا ہے جبکہ سابق پرنسپل پاکستان انٹرنیشنل سکول جدہ سینیٹر سحر کامران کے خلاف انکوائری متعلقہ قوانین کے تحت منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس قومی احتساب بیورو کے چئیرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈکوارٹر ز اسلام آبادمیں منعقد ہوا۔

(جاری ہے)

ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے عظیم اقبال صدیقی سابق منیجنگ ڈائریکٹر ایس ایس جی سی ایل، شاہد عزیز صدیقی سابق چئیرمین فنانس کمیٹی ،ملک عثمان حسن جنرل منیجر فنانس اور دیگرکے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔

ملزمان پراختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے میسرز پرو گیس پرائیویٹ لیمیٹیڈ کو پیپرا رولز کی خلاف ورزی اوراس کی مالی اور فنی صلاحیتوں کا جائزہ لیے بغیر خدمات حاصل کرنے کا الزام ہے ۔جس سے قومی خزانے کو1.174ارب روپے کا نقصان پہنچا۔ نیب ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے پیر صبغت اللہ شاہ راشدی اوربورڈ آف ریونیوکورنگی کراچی کے افسران/اہلکاران کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔

ملزمان پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی طورپر سرکاری پلاٹ پرائیویٹ شخص کوالاٹ کرنے کے علاوہ غیر قانونی طور پر ڈیفنس ویو سوسائٹی کراچی کی اراضی الاٹ کرنے اورغیر قانونی تعمیرات کا الزام ہے۔جس سے قومی خزانے کو 212ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے بریگیڈئیر ( ریٹائرڈ ) اسد منیر سابق ممبراسٹیٹ سی ڈی اے، خالد محمود مرزا سابق ڈائریکٹراسٹیٹ سی ڈی اے ،ضیاء الرحمن طور سابق ڈپٹی فنانشل ایڈوائزرسی ڈی اے اور دیگر کے خلاف انویسٹی گیشن کی منظوری دی۔

ملزمان پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے پلاٹ نمبر 20 سیکٹر F-11/1 اسلام آباد کی بحالی کا الزام ہے۔ جس سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا۔ نیب کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے عبدالقدیر بھٹی سابق اے آئی جی بلوچستان کے خلاف انکوائری کی منظوری دی ۔ ملزم پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے۔نیب ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ حکومت سندھ کے خلاف انویسٹی گیشن کی منظوری دی۔

ملزمان پر 12810 لوگوں کوگریڈ ایک سے گریڈ پندرہ تک غیر قانونی طورپرلوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ حکومت سندھ میںبھرتی کرنے کا الزام ہے۔جس سے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخواہ کے افسران/اہلکاران، میسر ز میکا ٹیک پرائیویٹ لمیٹیڈ اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزمان پر میسر ز میکا ٹیک پرائیویٹ لمیٹیڈکو قواعد کے برخلاف ٹھیکہ دینے اور بدعنوانی اور لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کو غیر معیاری اے سی فراہم کرنے کا الزام ہے۔

جس سے قومی خزانے کو2435.906 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کے افسران/اہلکاران کے خلاف انویسٹی گیشن کی منظوری دی۔ ملزمان پر اختیارات کاناجائز استعمال کرتے ہوئے یونیورسٹی کے تعمیراتی فنڈز میں خرد برد کا الزام ہے۔جس سے قومی خزانے کو 4 ارب روپے کا نقصان پہنچا۔ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے رحمت اللہ بلوچ چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکو، کیسکوکے افسران/اہلکاراناور میسرز الناصر اگریکلچرفائونڈری ورکس اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔

ملزمان پر بجلی چوری کرنے کا الزام ہے۔جس سے قومی خزانے کو 29.612 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے اکبر شاہ راشدی چیف انجینئر/پراجیکٹ ڈائریکٹرفارن ایڈ ورکس اینڈ سروس ڈیپارٹمنٹ حیدر آباد اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزمان پر فنڈز میں خرد برد کا الزام ہے۔ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سینیٹر سحرکامران ،سابق پرنسپل پاکستان انٹرنیشنل سکول جدہ اور دیگر کے خلاف انکوائری الیکشن کمیشن آف پاکستان کومتعلقہ قوانین کے تحت منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے بھیجنے کا فیصلہ کیا۔

ایگزیکٹو بورڈنے خادم حسین بھٹی سابق سی پی او گوجرانوالہ کے خلاف انکوائری کو انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس کو متعلقہ قوانین کے تحت منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے بھیجنے کا فیصلہ کیا۔نیب کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے میسرز زیفائر ٹیکسٹائل لمیٹیڈ لاہورکے خلاف انکوائری ، ہمایوںنصیرشیخ کے خلاف انکوائری ، احسن ہمایوں شیخ کے خلاف انکوائری، پورٹ قاسم اتھارٹی، وزارت صنعت ، ایس ایس جی سی ایل کے افسران /اہلکاران کے خلاف انکوائری اور میر علی مردان خان ڈومکی سابق ڈسٹرکٹ ناظم ضلع سبی بلوچستان کے خلاف انکوائری جبکہ احمدہمایوں شیخ کے خلاف انویسٹی گیشن بند کرنے کی منظوری دی۔

چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ بدعنوانی ایک کینسر ہے جس کا تدارک انتہائی ضروری ہے۔ نیب کے افسران بدعنوانی کے خاتمے کیلئے اپنی بہترین صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے کرپشن فری پاکستان کے لیے بھر پور کاوشیں کریں۔ انہوں نے کہا کہ تمام شکایات کی جانچ پڑتال ، انکوائریاں اور انوسٹی گیشنز کو قانون، میرٹ، شفافیت اور ٹھوس شواہد کی بنیا د پر مقررہ وقت کے اندر منطقی انجام تک پہنچایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ نیب --’’ احتساب سب کے لیی----- ‘‘ کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے ۔ نیب کی پہلی اور آخری وابستگی پاکستان اور پاکستان کی عوام سے ہے ۔