اعلیٰ تعلیم یافتہ طبی ماہرین ملک و قوم کا روشن مستقبل ہیں ، گورنر سندھ

جمعہ 30 مارچ 2018 23:37

اعلیٰ تعلیم یافتہ طبی ماہرین ملک و قوم کا روشن مستقبل ہیں ، گورنر سندھ
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ اعلیٰ تعلیم کے فروغ سے قوموں کی تقدیر بدل سکتی ہے جبکہ بین الاقوامی سطح پر مقابلے کے لئے تحقیق پر مبنی تعلیم کا فروغ دو ر حاضر کی اشد ضرورت ہے یہی وجہ ہے کہ تحقیقی صلاحیتوں سے مالا مال طبی ماہر ین ملک کا اثاثہ ہیں۔ جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز کے 52 ویں جلسہ تقسیم اسناد کی تقریب سے بطور پر مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا۔

گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ شعبہ طب میں کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کلیدی کردار ادا کررہا ہے با الخصوص تحقیق کے شعبے میں ادارے کی خدمات کو حکومت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے تعلیم ، تربیت او ر تحقیق کے لحاظ سے سی پی ایس پی کا کردار قابل ستائش ہے، کالج کے فارغ التحصیل طبی ماہرین ملکی و بین الاقوامی سطح پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے کی جستجو رکھنے والے طبی ماہرین کو اپنی تحقیقی صلاحیتوں سے چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا اسی لئے اعلیٰ تعلیم کا فروغ وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے پوسٹ گریجویٹ ڈگری حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات سے کہا کہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد ایک مسیحا کے طور پر لوگوں کا علاج کرنے سے آپ میں خدمت کا جذبہ پیدا ہوگا ۔

گورنر سندھ نے کہا کہ ملک و قو م کی خدمت ہی ہم سب کا نصب العین ہونا چاہئے اسی میں ملک و قوم کی بھلائی پنہا ںہے ۔ انہوں نے کہا کہ زندگی کا ایک اہم سنگ میل عبور کرنے پر تمام کامیاب طلبہ و طالبات باالخصوص ان کے والدین خراج تحسین کے مستحق ہیں ۔ انہوں نے کامیابی پر طلبا و طالبات کو مبارک پیش کرتے ہوئے گولڈ میڈل اور پوسٹ گریجویٹس ڈگری حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو گورنر ہائوس آنے کی دعوت دی ۔

اس سے قبل کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کے صدرپروفیسر ظفراللہ چوہدری نے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے کالج کے اغراض و مقاصد اور کامیابیوں کے بارے میں شرکاء کو آگاہی فراہم کی ۔ انہوں نے بتایااس سال کا نووکیشن میںمیڈیکل اور ڈینٹسڑی کے شعبے میں 330 سرجنز کو فیلو شپ ، 60 ممبران کو اسپیشلسٹس کی ڈگری ایوارڈ کی گئی جبکہ 2 ڈاکٹرز کو ہیلتھ پروفیشن ایجوکیشن میں ممبر شپ دی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :