لاہور ہائیکورٹ نے ایف بی آر کو مینوفیکچرنگ سروسز پر سیلز ٹیکس وصولی سے روک دیا

ایف بی آر ،پنجاب ریونیو اتھارٹی کے دائرہ اختیار کے تعین تک نوٹس جاری نہ کرنے کا حکم

منگل 3 اپریل 2018 18:47

لاہور ہائیکورٹ نے ایف بی آر کو مینوفیکچرنگ سروسز پر سیلز ٹیکس وصولی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے ایف بی آر کو مینوفیکچرنگ سروسز پر سیلز ٹیکس وصولی سے روک دیا۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس شاہد کریم نے محمد محسن ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ ایف بی آر ،پنجاب ریونیو اتھارٹی میں سیلز ٹیکس کے معاملے پر دائرہ اختیار کا تعین نہیں کیا گیالہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ ایف بی آر کے مینوفیکچرنگ سروسز پر سیلز ٹیکس لگانے کے عمل کو کالعدم قرار دیا جائے ۔

وکیل ایف بی آر نے استدعا کی کہ درخواست ناقابل سماعت قرار دیکر مسترد کی جائے ۔ فاضل عدالت نے دلائل سننے کے بعد ایف بی آر کو مینوفیکچرنگ سروسز پر سیلز ٹیکس وصولی سے روکتے ہوئے ایف بی آر ،پنجاب ریونیو اتھارٹی کے دائرہ اختیار کے تعین تک نوٹس جاری نہ کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ مینو فیکچرنگ سروسز پر سیلز ٹیکس وصول کرنے کا دائرہ اختیار پنجاب حکومت ہے وفاق کا نہیں۔