الگ صوبے کے نعرے پر ہمیشہ سیاست ہوئی،اس نعرے کے ساتھ مذاق نہیں ہونا چاہیئے،

تمام سیاسی جماعتوں اور اکابرین کو اس مسئلہ پر مل بیٹھنا چاہئے، وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

بدھ 11 اپریل 2018 23:37

الگ صوبے کے نعرے پر ہمیشہ سیاست ہوئی،اس نعرے کے ساتھ مذاق نہیں ہونا ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اپریل2018ء) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب سمیت ہزارہ کا نعرہ ہو یا پھر بلوچستان کے حقوق کی بات میں ان سب سے مکمل اتفاق کرتا ہوں لیکن میرا اس معاملے پر جو اختلاف ہے وہ صرف یہ ہے کہ ہماری جماعت کو چھوڑ کر جانے والے اراکین پارلیمنٹ کو یہ معاملات ہماری جماعت کے پارلیمانی اجلاسوں سمیت کابینہ کے اندر اٹھانے چاہیئے تھے کیونکہ ان کی نمائندگی وہاں موجود تھی جو انہوں نے کبھی بھی کسی سطح پر بھی نہیں اٹھائے۔

بدھ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الگ صوبے کے نعرے پر ہمیشہ سیاست ہوتی ہے اور یہ سیاست ہوئی بھی ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی گزشتہ انتخابات میں اس معاملے پر کافی سیاست کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد تو صرف یہ ہے کہ اس نعرے کے ساتھ مذاق نہیں ہونا چاہیئے بلکہ اس معاملے پر ماضی کی طرح تمام سیاسی جماعتوں اور اکابرین کو مل بیٹھنا چاہیئے کہ کس جگہ نئے صوبے کی ضرورت ہے اور اگر ہے تو اتفاق رائے سے یہ صوبہ ضرور بننا بھی چاہیئے اور اگر نہیں ہے تو پھر اس معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ معاملات کا سب کو معلوم ہے کہ جنوبی پنجاب کے یہ ارکان قومی اسمبلی ہمیں کیوں چھوڑ گئے ہیں لیکن بہانہ وہ نئے صوبے کا بنا رہے ہیں اس لیے ان اراکین اسمبلی کو چاہیئے کہ جس جماعت میں وہ رہے ہیں اس پر بے بنیاد اور جھوٹے الزامات لگانے سے گریز کریں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ محترمہ کے ساتھ میثاق جمہوریت کیا اور غلطیوں کا بھی اعتراف کیا۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور اس کی قیادت نے ہمیشہ ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے کام کیا ہے اور ملک میں جب بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اقتدار سنبھالا ملک و قوم نے ترقی ہی کی ہے۔ ہم پرعزم ہیں کہ آئندہ عام انتخابات میں بھی اپنی کارکردگی اور موثروکارآمد پالیسیوں کی بدولت دوبارہ سے کامیابی حاصل کریں گے اور عوامی خدمت کی سیاست کے سفر کو جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :