کپاس کی پیداوار میں اضافہ کیلئے جدید پیداواری ٹیکنالوجی پر عمل ضروری ہے، محکمہ زراعت

پیر 16 اپریل 2018 11:20

لاہور۔16 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء) کاشتکار کپاس کی پیداوار میں اضافہ کیلئے جدید پیداواری ٹیکنالوجی پر عمل کرکے ہی مقررہ ہدف حاصل کرسکتے ہیں۔ محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان کے مطابق کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے لئے کاشت سے لے کر برداشت تک جدید سفارشات پر عمل کرنا انتہائی ضروری ہے۔ بارانی و آبپاش علاقوں کیلئے بیج محکمہ کی ہدایت کے مطابق کاشت کریں، تندرست بیج کاا نتخاب اور سفارش کردہ شرح بیج کامیاب فصل کے لئے بنیادی ا قدام ہیں۔

کھیلیوں پر کپاس کی کاشت کے لئے براتراہو ا6سے 8کلوگرام بیج جبکہ ڈرل سے کاشت کے لئے 8سے 10کلوگرام بُراتراہوا بیج فی ایکڑ استعمال کریں۔ انہوںنے کہاکہ درمیانی زمینوں اور کم پانی والے علاقوںمیں منظورشدہ بی ٹی اقسام سی آئی ایم 599-اور بی ایچ178-کاشت کریں۔

(جاری ہے)

پنجاب کے تمام درمیانے اور زرخیز علاقوں کے لئے سی آئی ایم602-،ایف ایچ 142-،ایم این ایچ 886-، وی ایچ 259-،سائبان201-، سی آئی ایم 598-،سی ای12-،ایف ایچ 114-،ٹارزن2-،ستارہ11-ایم،کے زیڈ181-موزوں اقسام ہیں۔

ٹارزن 1-اور آئی آر نیاب824-پنجاب کے زرخیز علاقوںمیں جبکہ آئی یو بی 222- کو پنجاب کے مرکزی زرخیز علاقوں خاص طور پر بہاولپور، ملتان، ڈی جی خان اور خانیوال میں کاشت کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔کاشتکارکپاس کی بی ٹی اقسام کی کاشت15مئی تک مکمل کرلیں۔فی ایکڑ شرح بیج کا انحصار ا گائو پر ہو تا ہے اورپودوں کی فی ایکڑ مطلوبہ تعدادکے حصول کے لیے کا شت سے پہلے بیج کی روئیدگی معلوم کرنا ضروری ہے تاکہ فیصد اگائو کو مد نظر رکھتے ہوئے بیج استعمال کیا جا سکے۔

بیج کا اگائو معلوم کر نے کے لئے ہر بوری میں سے تھوڑا تھوڑا بیج لیںجبکہ بیج کی ایک بوری کی صورت میں بوری کے تین مختلف حصوں میں سے تھوڑا تھوڑا بیج نکال کر اس کو مکس کر د یں پھر اس میں سے تھوڑا سا بیج نکال لیں جو تمام بیج کی نمائندگی کرے گا۔ اس بیج کو 5تا 10گھنٹے کے لئے بھگو دیں ۔ پھر 100-100بیجوں کو بھیگے ہوئے تولیے پر چار مختلف جگہوں پر بکھیر دیں اور اوپر سے بھیگے ہوئے تولیے سے ڈھانپ دیں۔ تو لیے کی نمی کو بر قرار رکھنے کے لئے وقفے وقفے سے پا نی چھڑکتے ر ہیں اوریہ عمل تین چار دن تک کریں۔ چوتھے دن اُگے ہوئے بیجوں کو علیحدہ علیحدہ گن لیں اور پھر اوسط اگائو نکال لیں۔

متعلقہ عنوان :