پشاور،سرکاری گاڑی میں سواریاں بٹھانے پر پی ڈی ایم اے کا ڈائریکٹر معطل

سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے پر تحقیقاتی کمیٹی بنائی گئی تھی، کمیٹی سفارشات پر ڈائریکٹر بحالی غضنفر وسیم کنڈی کو معطل کیا گیا

بدھ 17 ستمبر 2025 20:05

پشاور،سرکاری گاڑی میں سواریاں بٹھانے پر پی ڈی ایم اے کا ڈائریکٹر معطل
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2025ء)پشاور میں سرکاری گاڑی میں سواریاں بٹھانے کے معاملے پر صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم ای) کے ڈائریکٹر بحالی غضنفر وسیم کنڈی کو معطل کردیا گیا۔ پشاور میں سرکاری گاڑی میں سواریاں بٹھانے کے معاملے پر پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا کے ڈائریکٹر بحالی غضنفر وسیم کنڈی کو 120 دن کے لیے معطل کردیا گیا۔

سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے پر تحقیقاتی کمیٹی بنائی گئی تھی، کمیٹی سفارشات پر ڈائریکٹر بحالی غضنفر وسیم کنڈی کو معطل کیا گیا۔تحقیقاتی کمیٹی کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیہ میں کہا گیا کہ پی ڈی ایم اے میں تعینات ڈائریکٹر بحالی غضنفر وسیم کنڈی کو 120 دنوں کے لیے معطل کیا جاتا ہے۔واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ایک سرکاری گاڑی کو عوامی خدمت کے بجائے پرائیوٹ ٹیکسی کے طور پر استعمال کیا جارہا تھا۔

(جاری ہے)

ویڈیو بنانے والے شخص کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ یہ شخص سرکاری گاڑی میں فی کس ایک ہزار روپے لے رہا ہے، اس دوران اس نے گاڑی کے چاروں اطراف سے ویڈیو بھی بنائی۔ویڈیو بنانے والے شخص نے گاڑی میں بیٹھے ڈرائیور سے پوچھا کہ آپ کس طرح سرکاری گاڑی میں کس طرح سواریاں بٹھاسکتے ہیں جس پر ڈرائیور نے جواب دیا کہ میں ذاتی پیٹرول خرچ کررہا ہوں، تاہم ویڈیو بنانے والے شخص نے یہ ماننے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ میں خود بھی سرکاری ملازم ہوں اور میں جانتا ہوں آپ کو پیٹرول سرکار سے ملتا ہے اور یہ سواریاں بٹھانے کے لیے استعمال نہیں کرسکتے۔