بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں 9 ماہ کے دوران 3.5 فیصد اضافہ

پیر 16 اپریل 2018 13:02

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں 9 ماہ کے دوران 3.5 ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء) رواں مالی سال کے ابتدائی 9مہینوں میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 3.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد وشمار کے مطابق جولائی سے لے کر مارچ تک بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے 14.606 ارب ڈالر کی ترسیلات زر ریکارڈ کی گئیں جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 3.5 فیصد زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 9 مہینوں میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے 14.105 ارب ڈالر کی ترسیلات زر ریکارڈ کی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق ہنڈی اور حوالہ کی بجائے باقاعدہ ذرائع سے ترسیلات زرکو یقینی بنانے کے ضمن میں سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اقدامات سے بھی ترسیلات زر کی صورتحال پر اچھے اثرات مرتب ہوئے ہیں ۔اعداد وشمار کے مطابق 9 مہینوں میں سعودی عرب کی جانب سے 3.69 ارب ڈالر، متحدہ عرب امارات 3.265 ارب، برطانیہ 2.03 ارب، امریکا 1.948، بحرین، کویت ، عمان اور قطر سے 1.648 ارب، ملائیشیاء سے 820 ملین، یورپی ممالک سے 479جبکہ دیگر ممالک سے 724ملین ڈالر کی ترسیلات زر ریکارڈ کی گئیں۔