محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن ٹیسٹ کل انگلینڈ کی بائیو مکینک لیب میں ہوگا

پیر 16 اپریل 2018 13:02

لاہور۔16 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء)قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن ٹیسٹ کل 17اپریل کو انگلینڈ کی بائیو مکینک لیب میں ہوگا جس میں شرکت کے لئے وہ انگلینڈ روانہ ہوگئے۔لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بذریعہ نجی ایئرلائن محمد حفیظ انگلینڈ روانہ ہوگئے جہاں وہ (آج) منگل کو اپنے بولنگ ایکشن کا ٹیسٹ دیں گے۔

یاد رہے کہ محمد حفیظ پر غیرقانونی بولنگ ایکشن کی وجہ سے پابندی ہے اور گزشتہ سال ان کے ایکشن پر اعتراض اٹھاتے ہوئے آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل امپائروں نے ان کا بولنگ ایکشن غیرقانونی قرار دیا تھا۔تاہم محمد حفیظ بولنگ ایکشن کا ٹیسٹ پاس کرنے کے لیے پٴْرامید ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ ایکشن کلیئر کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

(جاری ہے)

محمد حفیظ پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 50 ٹیسٹ میچز میں 52، 200 ایک روزہ میچز میں 136 اور 81 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 49 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔

محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن تیسری دفعہ رپورٹ ہوا ہے ۔2014اور 2015میں ان کے بولنگ ایکشن کو رپورٹ کیا گیا تو وہ اسے درست کروانے میں کامیاب ہوگئے تھے لیکن گزشتہ سال نومبر میں سری لنکا کے خلاف تیسرے ون ڈے میں ان کا بولنگ ایکشن رپورٹ ہوا اور محمد حفیظ کو پوری امید ہے کہ وہ اب پھر اپنا بولنگ ایکشن کلیئر کروانے میں کامیاب ہو جائیں گے ۔