Live Updates

ایشیا کپ میں پاکستان اور یو اے ای کا میچ منسوخ ہونے کا امکان

پاکستان اورمتحدہ عرب امارات کےمیچ کوایک گھنٹہ آگے بڑھا دیا گیا

muhammad ali محمد علی بدھ 17 ستمبر 2025 18:47

ایشیا کپ میں پاکستان اور یو اے ای کا میچ منسوخ ہونے کا امکان
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 ستمبر2025ء)ایشیا کپ میں پاکستان اور یو اے ای کا میچ منسوخ ہونے کا امکان ، پاکستان اورمتحدہ عرب امارات کےمیچ کوایک گھنٹہ آگےبڑھا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ میں میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کی تبدیلی کے معاملے پر پی سی بی حکام کی مشاورت جاری ہے تاہم پاکستان اورمتحدہ عرب امارات کےمیچ کوایک گھنٹہ آگےبڑھا دیا گیا ہے۔

ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ عامر میر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین محسن نقوی کی جانب سے مشاورت کی دعوت کی پر سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی اور رمیز راجہ پی سی بی ہیڈ آفس پہنچ چکے ہیں۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی دونوں سابق چیئرمینوں سے مشاورت کے بعد ختمی فیصلے کا اعلان کریں گے، کوشش ہےکہ اچھی خبرآئے۔

(جاری ہے)

ترجمان پی سی بی نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان میچ ایک گھنٹہ تاخیر کا شکار ہوگیا ہے، میچ ساڑھے 7 بجے کے بجائے ساڑھے 8 بجے ہوگا۔

اس سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کی ہوٹل سے اسٹیڈیم روانگی روک دی گئی تھی۔ متنازعہ میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ دبئی اسٹیڈیم پہنچ گئے جس کے بعد قومی ٹیم کو اسٹیڈیم روانہ ہونے سے روکا گیا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کو ہوٹل میں رکنے کا کہہ دیا گیا، کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو اپنے کمروں میں جانے کی ہدایت کردی گئی ۔ ذرائع کے مطابق اینڈی پائی کرافٹ کی معذرت پر پاکستان ٹیم آج یو اے ای کے خلاف میچ کھیلنے پر غور کرسکتی ہے۔

پاکستان اور یو اے ای کے درمیان آج دبئی اسٹیڈیم میں میچ شیڈول ہے، یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے کھیلا جانا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو اینڈی پائی کرافٹ کو ہٹانے کے معاملے پر تاحال آئی سی سی کا کوئی جواب موصول نہیں ہوا، ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ریفری تبدیلی کی تصدیق نہ ہوئی توپاکستان ٹیم اسٹیڈیم روانہ نہیں ہوگی۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات