Live Updates

پاکستان کرکٹ ٹیم کی شرمناک کارکردگی کا سلسلہ جاری

ایشیا کپ کے ناک آوٹ میچ میں پاکستانی بلے بازوں کی ناکامی کے باعث یو اے ای کو آسان ہدف مل گیا

muhammad ali محمد علی بدھ 17 ستمبر 2025 22:16

پاکستان کرکٹ ٹیم کی شرمناک کارکردگی کا سلسلہ جاری
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 ستمبر2025ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کی شرمناک کارکردگی کا سلسلہ جاری، ایشیا کپ کے ناک آوٹ میچ میں پاکستانی بلے بازوں کی ناکامی کے باعث یو اے ای کو آسان ہدف مل گیا۔ تفصیلات کے مطابق دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور یو اے ای کی ٹیمیں ناک آوٹ میچ کے سلسلے میں آمنے سامنے آئی ہیں۔ متحدہ عرب امارات نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیتنے کے بعد پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم میں 2 تبدیلیاں کرتے ہوئے صفیان مقیم اور فہیم اشرف کی جگہ حارث روف اور خوشدل شاہ کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ آج کے میچ میں ناکامیاب رہنے والی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گی۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ آئی سی سی کے متنازعہ میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مینجر اور ٹیم کے کپتان سے معذرت کر لی۔

(جاری ہے)

اینڈی پائی کرافٹ نے انڈیا پاکستان کے میچ میں دونوں ٹیموں کے کپتانوں کو مصافحہ کرنے سے منع کیا تھا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اینڈی پائی کرافٹ کے اس عمل پر سخت رد عمل کا اظہار کیا تھا،اینڈی پائی کرافٹ نے 14 ستمبر کے واقعہ کو مس کمیونیکیشن کا نتیجہ قرار دے کر معذرت کی۔آئی سی سی نے 14 ستمبر کو میچ کے دوران کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی انکوائری پر آمادگی کا اظہار کر دیا ۔

واضح رہے کہ متنازعہ ایمپائر اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستان کرکٹ ٹیم سے معافی تو مانگ لی، تاہم پاکستان اس حوالے سے آئی سی سی سے اپنا مطالبہ منوانے میں ناکام ہو گیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا تھا کہ اینڈی پائی کرافٹ کو پاکستان کے میچز سپروائز کرنے سے روکا جائے، اگر ایسا نہیں ہوتا تو پاکستان ایشیا کپ کے بقیہ میچز کا بائیکاٹ کر دے گا۔

اس حوالے سے بدھ کے روز اس وقت ہلچل دیکھی گئی جب آئی سی سی نے پاکستان کا مطالبہ مسترد کر دیا اور اینڈی پائی کرافٹ پاکستان اور یو اے ای کا میچ سپروائرز کرنے کیلئے دبئی کرکٹ اسٹیڈیم پہنچ گئے۔ اس موقع پر چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو ہوٹل سے اسٹیڈیم کیلئے روانہ ہونے سے روک دیا۔ یہ اطلاعات بھی سامنے آئیں کہ پاکستان اور یو اے ای کا میچ منسوخ ہونے کا امکان ہے۔

پی سی بی کی جانب سے دوبارہ مطالبہ کیا گیا کہ اینڈی پائی کرافٹ کی جگہ کسی دوسرے میچ ریفری کو پاکستان اور یو اے ای کا میچ سپروائز کرنے کی ذمے داری سونپی جائے۔ تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ ایک مرتبہ پھر آئی سی سی سے اپنا مطالبہ منوانے میں ناکام رہا، اینڈی پائی کرافٹ کی جانب سے معذرت کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے یو اے ای کیخلاف میچ کھیلنے کیلئے رضامندی ظاہر کر دی۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات