لاہور ہائیکورٹ ،تمباکو نوشی اور اس کی خرید و فروخت اشتہارات پر پابندی کیلئے درخواست پر پیمرا کو نوٹس جاری

پیر 16 اپریل 2018 16:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اپریل2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے تمباکو نوشی اور اس کی خرید و فروخت اشتہارات پر پابندی کیلئے درخواست پر پیمرا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ نے شہری محمد فیصل کی درخواست پر سماعت کی جس میں سگریٹ نوشی کے اشتہارات کی نشریات کو چیلنج کیا گیا ہے۔ درخواست گزار نے نشاندہی کی کہ تمباکو نوشی مضر صحت اور کینسر کا باعث بنتا ہے۔

(جاری ہے)

حکومت نے 2002 میں ایک آرڈیننس کے ذریعے تمباکو نوشی کو پبلک مقامات پر پینے پر پابندی عائد کر دی۔ درخواست گزار نے افسوس کا اظہار کیا کہ ابھی تک اس آرڈیننس پر مکمل عمل درآمد نہیں کیا جا سکا۔ درخواست گزار نے بتایا کہ الیکٹرانک میڈیا پر تمباکو نوشی کے اشتہارات نشر ہوتے ہیں جس کی وجہ اس کو فروع ملتا ہے۔ درخواست گزار نے زور دیا کہ تمباکو نوشی کے بارے میں اشتہارات پر پابندی یعنی چاہے لیکن پیمرا اپنی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام رہا ہے۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ تمباکو نوشی اور اس کی خرید و فروخت کی پبلسٹی پر پابندی عائد کرنے کا حکم دیا جائے۔