اے ڈی بی کے تعاون سے جاری ترقیاتی سکیموں کو جلد مکمل کیا جائے، لیسکوچیف

پیر 16 اپریل 2018 21:06

لاہور۔16 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء) لیسکوچیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ نے کہا ہے کہ لیسکو کا اولین مقصد اپنے صارفین کو محفوظ اور معیاری بجلی کی ترسیل کو ممکن بنانا ہے ، گزشتہ چند ماہ کے دوران 132KVسسٹم کو مزید مضبوط اور بہتر بنانے کیلئے لیسکو نے بہت سے ٹھوس اقدامات کئے ہیں جس کے باعث نہ صرف صارفین کو بلاتعطل بجلی فراہم کی جارہی ہے بلکہ وولٹیج کی کمی جیسے مسلہ پر بھی قابوپایا جا رہا ہے، انہوں نے یہ بات132kv غازی گرڈ اسٹیشن میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کے دوران کہی،اس موقع پرچیف انجینئر ڈویلپمنٹ ممتاز علی خان نے چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ کو شعبہ ڈویلپمنٹ کے زیر انتظام جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی،چیف ایگزیکٹو نے ہدایات جاری کیںکہ ایشیئن ڈویلمپنٹ بینک کے تعاون سے جاری تمام ترقیاتی اسکیموں کو رواں مالی سال کے اندر مکمل کیا جائے جبکہ ڈویلپمنٹ کی زیر نگرانی دیگر ترقیاتی کاموںمیں بھی کام کے معیار کو برقرار رکھتے ہوئے انہیں مقررہ مدت کے اندرپورا کیا جائے،انہوں نے کہاکہ لیسکو سسٹم کو درپیش تمام رکاوٹیں ختم کر کے اپنے ٹارگٹ پر بھرپور طریقے سے کام میں مصروف ہے تاکہ لاہور سمیت لیسکو کے زیرانتظام تمام سرکلز میں موسم گرما اور رمضان المبارک کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے،لیسکو ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ کے 132kvغازی گرڈ اسٹیشن کے دورے کے موقع پر کسٹمر سروسز ڈائریکٹر مجاہد سعید رانا، چیف انجنئیر ڈویلپمنٹ ممتاز علی خان اور پی ڈی جی ایس سی رفعت محبوب بھی موجود تھے،ترجمان کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو نے موسم گرما اور رمضان المبارک کے دوران بجلی کی طلب میں اضافے کے پیش نظر تمام فیلڈ فارمیشنز کو ہائی الرٹ کردیا ہے تاکہ سسٹم کو مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن سسٹم سے تمام چھوٹی اور بڑی رکاوٹوںکو مکمل طور پر ختم کر کے صارفین کی پاور ڈیمانڈ کو احسن اسلوبی سے پورا کیا جاسکے۔