وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق سے چینی وفد کی ملاقات

ہسپتالوں کی منصوبہ بندی، ڈیزائن اور ہیلتھ کیئر انفراسٹرکچر میں تعاون کے امور پر تبادلہ خیال

جمعہ 11 ستمبر 2026 18:11

وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق سے چینی وفد کی ملاقات
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2026ء) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق سے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں چینی وفد نے ملاقات کی۔ چینی وفد میں شنگھائی جیانگ چوان فوہائی بائیوٹیکنالوجی کمپنی لمیٹڈ کے چیئرمین یان جن، بزنس مینیجر جے ایف ایچ بلیئر ہی اور ہانگ کانگ ٹریڈ اینڈ یوان ہوا انڈسٹریل (ایچ جی گروپ) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اینڈی لیاؤ شامل تھے۔

محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن سے سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ احمد کمال مان، ایڈیشنل سیکرٹری انور بریار اور آئی ڈیپ کے افسران موجود تھے۔ ملاقات میں ہسپتالوں کی منصوبہ بندی، ڈیزائن اور ہیلتھ کیئر انفراسٹرکچر میں تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

(جاری ہے)

چینی وفد نے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کو اپنی کمپنیز اور طبی شعبے میں جاری منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پاکستان اور چین کے درمیان درینہ اور مضبوط تعلقات قائم ہیں۔پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی اور انفراسٹرکچر کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کے لئے اقدامات جاری ہیں۔شعبہ صحت میں بہتری حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق حکومت پنجاب شعبہ صحت میں بنیادی اقدامات اٹھا رہی ہے۔

عوام تک مفت، معیاری اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں علاج معالجے کے معیار میں مزید بہتری، جدید طبی مشینری اور جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔عوام کو دل، کینسر، گردوں، جگر و دیگر پیچیدہ امراض کے اربوں روپوں کے مفت علاج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ ڈاکٹروں، نرسز اور دیگر طبی عملے کی تربیت اور استعدادِ کار میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔میڈیکل ایجوکیشن، ریسرچ اور جدید طبی تربیت کو فروغ دیا جا رہا ہے۔چینی وفد نے حکومت پنجاب کی جانب سے شعبہ صحت میں بہتری کیلئے بنیادی اقدامات کو سراہا۔چینی وفد نے شعبہ صحت میں بہتری کیلئے حکومت پنجاب سے تعاون کی پیش کش بھی کی۔