عدالتی فیصلہ کے باوجود نگری بالا لنک روڈ پر تجاوزات کے خلاف اہلیان علاقہ کا ڈپٹی کمشنر دفتر کے باہر احتجاج

منگل 17 اپریل 2018 12:18

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2018ء) عدالتی فیصلہ کے باوجود نگری بالا لنک روڈ پر تجاوزات ختم نہ کرنے پر اہلیان علاقہ نے ضلعی انتظامیہ کے خلاف ڈپٹی کمشنر دفتر کے باہر احتجاج کیا۔ ڈپٹی کمشنر اورنگزیب حیدر کے ساتھ مذاکرات کے بعد احتجاج ایک دن کیلئے مؤخر کردیا گیا۔ اہلیان نگری بالا نے سردار جاوید، سردار خالد، سردار اسامہ اور سردار گل خطاب کی قیادت میں ڈی سی دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ نگری بالا لنک روڈ پر بعض افراد 2002ء سے تجاوزات بنا کر قابض ہیں جن کے خلاف سول عدالت اور سیشن جج عدالت سے فیصلے آنے کے باوجود انتظامیہ مذکورہ تجاوزات ہٹانے کی طرف توجہ نہیں دے رہی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ انتظامی سستی کا ذمہ دار ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد ہے جو سیاسی اثرو رسوخ سے متاثر ہو کر اپنے قانونی فرض سے پہلو تہی کر رہا ہے اور اس صورتحال سے تنگ آ کر اہلیان علاقہ نے احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

احتجاج کے دوران رکن صوبائی اسمبلی سردار ادریس کی آمد پر 6 افراد پر مبنی وفد نے ڈی سی کے ساتھ مذاکرات کئے اور انہیں اپنے تحفظات سے آگاہ کیا جس پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) اورنگزیب حیدر نے تین دن بعد قدم اٹھانے کا عندیہ دیا تاہم مظاہرین نے یہ پیشکش رد کرتے ہوئے منگل تک اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے بدھ سے شاہراہ ریشم بند کرنے کا اعلان کر دیا۔ ادھر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ تجاوزات مافیا ضلعی انتظامیہ کی سستی کا فائدہ اٹھا کر ہائی کورٹ سے حکم امتناعی حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہے۔

متعلقہ عنوان :