سعودی عرب، سکول انتظامیہ نے برما کی یتیم طالبہ کی شادی کرا دی

منگل 17 اپریل 2018 12:35

مکة المکرمہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2018ء) سعودی عرب کے ثانوی سکول کی انتظامیہ نے برما کی ایک یتیم طالبہ کی شادی دھوم دھام سے کرا دی۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق مکة المکرمہ میں ثانوی سکول کی انتظامیہ کی جانب سے برما کی یتیم طالبہ خدیجہ بنت خویلد کی شادی کرادی جس میں تما م استانیوں سمیت طالبات اور کارکن خواتین نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

سکول کی پرنسپل امل محروس نے میڈیا سے اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ جب انتظامیہ کو پتہ چلا کہ برما کی طالبہ یتیم ہے اور بیوہ ماں کے سوا کوئی اس کا سہارا نہیں، غربت اور ناداری کے دلدل میں پھنسی ہوئی ہے اور اس کی تما م سہیلیوں کی شادیاں بھی ہوچکی ہیں تو سکول انتظامیہ نے اس کے انسانی و سماجی حالات کو دیکھتے ہوئے اس کی شادی کا پروگرام بنایا۔ بیٹی کی شادی کے بعد اس کی والدہ نے سکول انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔