نظام میں بہتری کی بدولت عوام کے بنیادی مسائل حل ہو رہے ہیں، محب اللہ

منگل 17 اپریل 2018 18:08

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2018ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے لائیو سٹاک فشریز و امداد باہمی محب اللہ خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے وعدوں اور منشور کے مطابق صوبائی حکومت نے موثر قانون سازی اور عوام دوست پالیسی کے ذریعے ایسا نظام وضع کیا ہے جسکی بدولت عوام کے مسائل بہتر انداز میں حل ہو رہے ہیں اور بہترین کارکردگی کی وجہ سے مختلف سیاسی جماعتوں کے عہدیداران جوق درجوق پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیا لات کا اظہار انہوں نے آر کوٹ مٹہ سوات میں ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ محب اللہ خان نے نئے شامل ہونے والے عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ علاقے میں پارٹی کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ عوام کی خدمت میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ پی ٹی آئی ہی وہ واحد جماعت ہے جسے عوام کی تکالیف اور محرومیوں کا احساس ہے اور ان کے ازالے کے لئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں اقتدار اور سیاست کی باگ ڈور جب مخلص لوگوں کے ہاتھوں میں ہوگی تب ہی ملک اور عوام ترقی کر سکیں گے اور پی ٹی آئی کی کارکردگی ان اوصاف کا منہ بولتا ثبوت ہے۔