موجودہ حکومت کے عزم کی وجہ سے کھیلوں کے میدان آبادہوگئے ہیں، ڈسٹرکٹ ناظم کوہاٹ

منگل 17 اپریل 2018 18:08

کوہاٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2018ء)3 روزہ میلہ جشن بہاراں شکردرہ کامیابی سے اختتام پذیر ہوگیا۔میلے میں دیگررنگارنگ تقریبات کے علاوہ کرکٹ،فٹ بال،والی بال، رسہ کشی،بچوں کی دوڑ،نیزہ بازی،گھوڑا رقص،خٹک ڈانس اور کونلی کے گیمز بھی اس کا حصہ تھے جن میں مقامی کھلاڑیوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیاجبکہ عام لوگوں نے بھی حسب روایت بھرپورشرکت کی اور میلے سے محظوظ ہوئے۔

جشن بہاراں میلے کا افتتاح ڈسٹرکٹ کونسلر شکردرہ جاسم سادات خان نے کیا تھا جبکہ اختتامی تقریب میں ڈسٹرکٹ ناظم کوہاٹ محمد نسیم آفریدی مہمان خصوصی تھے۔انہوں نے اس موقع پرمذکورہ گیمز کے ونر اور رنر اپ کھلاڑیوں میں انعاما ت تقسیم کئے۔ڈسٹرکٹ ناظم کوہاٹ نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکو مت کے کھیلو ں کے فروغ کے لئے کئے گئے اقدامات کی وجہ سے صوبے میںمیدان آبادہوگئے ہیں جس کا 5سال پہلے کوئی تصور بھی نہیں کرسکتا تھالیکن یہ موجودہ حکومت کے بھر پور عزم کی وجہ سے ممکن ہوا جس کا تمام تر کریڈٹ پارٹی قائد عمران خان اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کو جاتا ہے۔

(جاری ہے)

نسیم آفریدی نے کہا کہ انہیں دلی خوشی ہے کہ آج ہمارے بچے کھلے میدانوں میں مختلف کھیلوں میں بھر پور حصہ لے رہے ہیں اوراپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی حکومت نے کھیلوں کے فروغ کے لئے فنڈز مختص کئے ہیں اور یونین کونسل کی سطح پر کھیلوں سمیت دیگر مثبت سرگرمیوں کا انعقاد کیاجارہاہے تاکہ نئی نسل کو صحت مندانہ ماحول فراہم کیاجاسکے۔