پولیو ویکسین انجکشن 15 سال تک کے تمام بچوں کو خصوصی مہم کے دوران لگائے جائیں گے،ڈپٹی کمشنر منصوراحمد قاضی

منگل 16 ستمبر 2025 19:44

پولیو ویکسین انجکشن 15 سال تک کے تمام بچوں کو خصوصی مہم کے دوران لگائے ..
پشین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2025ء)ڈپٹی کمشنر منصور احمد قاضی نے کہا ہے کہ انسداد پولیو وائرس کے سلسلے میں عالمی اداروں نے ہمارے ملک پاکستان سے مزید بہتری لانے کے لیے موثر اقدامات کا تقاضا کیا ہے،جبکہ حکومت پاکستان نے اس موذی اور لاعلاج مرض کے وائرس پر قابو پانے کیلئے تمام تعلیمی اداروں میں انسداد پولیو کے لیے بروقت اور موثر اقدامات کرنے کا بڑا فیصلہ کر لیا ہے،جس کے تحت تمام تعلیمی اداروں کے بچوں کو پولیو ویکسین کے انجکشن لگائے جائیں گے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیو پروگرام کے ضلعی آفسران سے بات چیت کرتے ہوئے کیا،ڈپٹی کمشنر کے مطابق پولیو ویکسین انجکشن 15 سال تک کے تمام بچوں کو خصوصی مہم کے دوران لگائے جائیں گے،جبکہ آئندہ چار ماہ کے دوران مرحلہ وار لگائے جائیں گے،منصور قاضی کا کہنا ہے کہ ضلع بھر میں ایک دن تا 15 سال کے تمام بچوں کو آئی،پی،وی انجیکشن لگائے جائیں گے،کیونکہ 15 سال عمر تک آئی،پی،وی انجیکشن لگانے کا مقصد ان بچوں کی قوت مدافعت کو بڑھانا ہے،تاہم یہ پولیو ویکسین انجکشن 15 سال عمر تک کیلئے بطور بوسٹر کام کرے گا اس سے بچوں کی قوت مدافعت میں نمایاں اضافہ ہو جائے گا،کیونکہ پولیو کے خلاف بچوں کی قوت مدافعت کمزور ہونے کا خدشہ قائم ہے،ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا ہے کہ ہمارے بچوں میں قوت مدافعت کی ممکنہ کمزوری پر پولیو وائرس کا پھیلاو بڑھتا جا رہا ہے،جو ایک المیہ سے کم نہیں ہے،انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان اور صوبائی حکومت سمیت ضلعی انتظامیہ نے پولیو کے مکمل خاتمے کو قومی ایمرجنسی قرار دیتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ضلع بھر میں موجود تمام سرکاری اسکولوں و کالجز اور پرائیویٹ تعلیمی اداروں سمیت دیگر تمام دینی مدارس میں زیر تعلیم 15 سال تک کے تمام بچوں کو پولیو ویکسین کے انجیکشن لگائیں جائیں گے،تاکہ اس موذی مرض پولیو کا ملک و صوبہ سے مکمل طور پر خاتمہ یقینی بنایا جا سکے،ڈپٹی کمشنر قاضی منصور نے اس ضمن میں ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں موجود تمام تعلیمی ادارے 15 سال کے تمام زیر تعلیم بچوں کے کوائف جلد از جلد ضلعی انتظامیہ اور پولیو کنٹرول ڈی،ای،او،سی میں جمع کروائیں،تاکہ بچوں کے صحت مند مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے انسداد پولیو مہم کو مزید تقویت دی جا سکے،اور معماران وطن کو عمر بھر کی معزوری سے بچایا جاسکے۔